چترال

بروغل کی پوری آبادی مشکل حالات سے دوچار، کشمانجا کے مقام پر پانی کے بہاؤ نے سڑک کو کاٹ کے رکھ دیاہے، امین تاجک ناظم ویلیج کونسل

چترال ( محکم الدین) چترال میں روز بروز بڑھتی گرمی سے چیانتر گلیشیر بر وغل کی غیر معمولی پگھلاؤ سے دریاء کے بہاؤ میں اضافے نے علاقے کے لوگوں کو سڑکوں سے محروم کر دیا ہے ۔ اور بروغل کی پوری آبادی انتہائی مشکل حالات سے دوچار ہیں ۔ کشمانجا کے مقام پر پانی کے بہاؤ نے سڑک کو کاٹ کے رکھ دیا ہے۔ جس کی بنا پر بروغل میں خوراک کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔ مذکورہ سڑک کو ماہ مئی میں مقامی لوگوں نے خود اپنی مدد آپ کے تحت بحال کیا تھا ۔ جوکہ دس دن پہلے پھر منقطع ہو گیا ہے ۔ اور اب کے مرتبہ سڑک کی بحالی مشینری کے بغیر ممکن نہیں ہے ۔ ناظم ویلج کونسل بروغل امین جان تاجک نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ۔ کہ بروغل سڑک کے منقطع ہونے سے 60کلومیٹر طویل وادی مکمل طور پر مفلوج ہو چکی ہے ۔ کھانے کے کیلئے خوراک نہیں ۔ اور مریضوں کیلئے ڈسپنسری میں ادویات دستیاب نہیں ۔ وادی کی تمام دکانوں میں خوراک کی اشیا ء ختم ہو چکی ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ علاج معالجے کی سہولت نہ ہونے کے 25سالہ جوانسال خاتون زوجہ بیگ جان ڈیلیوری کیس میں گذشتہ روز جان بحق ہوئی ۔ اسی طرح ملیریا اور ٹائیفائڈ نے اس علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے ۔ جن کے علاج کیلئے ابھی تک محکمہ ہیلتھ چترال کی طرف سے کسی قسم کے اقدامات نہیں اُٹھائے گئے ہیں ۔

امین جان تاجک نے کہا  کہ امسال گلیشیرز کے پگھلاؤ میں اضافے نے بروغل کو مسائل سے دوچار کردیا ہے ۔ خصو صا دریاء کے پانی میں طغیانی کے باعث مختلف مقامات پر سڑک کٹاؤ کا شکار ہے ۔ اور آمدورفت مکمل طور پر بند ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ وادی کی آمدن کا بڑا ذریعہ مال مویشی ہیں ۔لیکن اب مال مویشی بھی ہلاک ہو رہے ہیں ۔ ناظم نے کہا ، کہ بروغل انتہائی اہمیت کی حامل وادی ہے ۔ اور چیانتر سمیت کئی گلیشیرز اور جھیلیں موجود ہیں ۔ جو چترال اور ملک کے دوسرے حصوں کو پانی مہیا کرتے ہیں ۔ لیکن حکومت ہمیشہ سے اس علاقے کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کررہا ہے ۔ جس کی وجہ سے مقامی پسماندہ لوگ انتہائی محرومی اور مایوسی کا شکار ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ بروغل کے لوگوں تحریک انصاف کے قائد عمران خان کے رویے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے پر زور مذمت کی ہے ۔ اور کہا ہے ، کہ بروغل آنے کے باوجود وہ مصیبت زدہ لوگوں سے ملے بغیر واپس آئے ۔ امین جان نے صوبائی اور وفاقی حکومت سے پُر زور اپیل کی ، کہ وادی بروغل کے لوگوں کو خوراک علاج معالجے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔ اور سڑک کی تعمیر کا کام جلد آز جلد شروع کیا جائے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ان مسائل کو فوری حل نہ کرنے کی صورت میں بروغل کے تمام ناظمین اور کونسلر احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے ۔ درین اثنا ضلعی انتظامیہ چترال نے سیلاب کے مزید خطرے کے پیش نظر چترال بھر میں ممکنہ متاثر ہونے والے مقامات کے لوگوں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے ۔ اور مساجد و بازاروں میں لوگوں کو دریاؤں اور ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں ۔ گرمی کی شدت میں اضافے سے دریائے مستوج ، نالہ لاسپور ، نالہ گولین ، دریائے گرمچشمہ ، نالہ ایون ، نالہ شیشی کوہ اور دریائے چترال کی طغیانی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ تاہم این ڈی ایم اے کی طرف سے گذشتہ دو روز کے دوران گولین ویلی اور گہکیر بندو گول میں تیز بارش اور سیلاب کے خطرے کے جو امکانات ظاہر کئے تھے ۔ عافیت سے گزرے ۔ اور متذکرہ مقامات میں بارش نہیں ہوئی ۔ڈی ڈی ایم یو چترال کے مطابق چترال میں ہفتہ کے روز چترال کے کسی مقام سے بارش اور سیلاب کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button