چترال

طیارہ حادثے میں جان بحق چار افراد کی میتیں سی۔130میں، اور دو خواتین کی میتیں بائے روڈ چترال پہنچادی گئیں

چترال (نذیرحسین شاہ نذیر) جمعہ کے روز طیارہ حادثے میں جان بحق ہونے والوں میں سے چار افراد کی میتیں پاکستان ائر فورس کے سی۔130طیارے کے ذریعے اور دو خواتین کی میت بائے روڈ چترال پہنچا دی گئیں ہیں۔ سی 130طیارے میں چترال کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے شہزادہ فرہاد عزیز اور ان کی بیٹی شہزادی طیبہ عزیز کے علاوہ لون گاؤں کے عمراخان اور بونی کے اکبر علی کی لاشیں پہنچائی گئیں ہیں۔ انہیں آج بعد از نماز جنازہ سپردخاک بھی کردیا گیا۔ بعد میں شہزادہ فرہاد اور ان کی بیٹی کا  نماز جنازہ پریڈ گراونڈ میں پڑھانے کے بعد ژانگ بازار میں جامع مسجد کے سامنے سپرد خاک کر دیاگیا۔نماز جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔

ڈسٹرکٹ ناظم چترال مغفرت شاہ نے چترال ائرپورٹ پر ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی طرف سے میتوں کو وصول کیا ۔ دریں اثنا ء ڑانگہ دروش سے تعلق رکھنے والے دو سگی بہنوں فرح ناز اور رانی مہرین دختران محمد جعفر کی میتوں کو بذریعہ سڑک دروش پہنچانے کے بعد سپرد خاک کردیا گیا۔ کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل نظام الدین شاہ نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

طیارہ حادثے میں چترال سے تعلق رکھنے والوں کی تعداد بیس تھی جن میں سے اب تک سات افراد کی شناخت چکی ہے جبکہ 13کی شناخت ابھی باقی ہے۔ ایژ گرم چشمہ کے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے ماں باپ سمیت چھ افراد کی میتوں کی شناخت بھی ابھی باقی ہے ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button