گلگت بلتستان

وزیراعظم پاکستان، برجیس طاہر سمیت حفیظ الرحمن کو حق ملکیت و حق حاکمیت تحریک پرعوام کے سامنے مناظرے کی دعوت دیتا ہوں:امجد حسین ایڈووکیٹ

گلگت(ارسلان علی) پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ میں وزیراعظم پاکستان، برجیس طاہر سمیت حفیظ الرحمن کو حق ملکیت و حق حاکمیت تحریک پر مناظرے کی دعوت دیتا ہوں، آئے عوام کے سامنے مناظر ہ کرے کون سچا ہے پتہ چلے گا۔ اس خطے کے ہم مالک ہیں اور یہ زمینیں ہماری ہیں کسی کی باپ کی نہیں، ہمارے باپ داداوں نے اس خطے کو آزاد کروایا ہے، حفیظ الرحمن اور ان کے کسی کا اس میں کوئی کردار نہیں۔ حفیظ الرحمن کل بھی مزاری تھے اور آج بھی مزاری ہیں۔ ہمیں شیڈول فور اور نیشنل ایکشن پلان دیکھاکر ڈرانے کی کوشش نہ کی جائے ہم جانتے ہیں شیڈل فور کسں کسں پہ لگ جانا چاہئے۔ شیڈول فور اگر لگتا ہے تو سب سے پہلے وزیراعلیٰ پہ لگنا چاہئے۔ انہوں نے پیر کے روز پیپلزپارٹی کیمپ آفس گلگت میں ایم کیو ایم کے زونل انچارج محمد علی شاہ بھائی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اندر 90فیصد لوگ حق ملکیت و حاکمیت تحریک کے حق میں ہیں اور صرف دو لوگ اس کی مخالف ہیں، ایک حفیظ الرحمن اور دوسرے کا میں نام نہیں لینا چاہتا ہوں وہ بھوکا آدمی ہیں اور میں ان کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ تم عمر بھر بھوکے رہوگے ،میں ان کو اپنے برابر کا انسان نہیں سمجھتا اور اس کا جواب دینا اپنی توہین سمجتھاہوں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حکمران زمینوں کے ساتھ ساتھ عزتیں بھی اسلام آباد میں فروخت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 1969ء میں ایوب خان کے دور میں لینڈ ریفارمز ہوئے اور 2بار بھٹو کے دور میں جس کے تحت غریب عوام کو ان کی زمینوں کی ملکیت مل گئی تھی لیکن اس قانون کو گلگت بلتستان تک اس لئے وسعت نہیں دیا گیا کیوں کہ پاکستان کے حکمران گلگت بلتستان کے لوگوں کو غلام رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج حفیظ الرحمن جگلوٹ، مناور سکوار، چھلمس اور مقپون داس کو خالصہ سرکار قرار دے رہے ہیں، میں عوامی ملکیت قرار دے رہاہوں۔ وہ وفاق کو خوش اور ان زمینوں کی بندر بانٹ کرکے پیسہ بنارہے ہیں۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ہمارے زمینوں پر بادشاہ بنا ہوا ہے اور ہر روز زمینوں کو الاٹ کررہے ہیں ،آپ لوگ جتنی الاٹ کرنا چاہتے ہیں کریں ہم اپنی دور میں ان تمام زمینوں کی کمپنیشن اور ان زمینوں کو عوامی ملکیت قرار دینگے۔ ۔حفیظ الرحمن زمینوں کے معاملے میں بھی فرقہ واریت ڈالنا چاہتے ہیں اور گلگت بلتستان کے عوام کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں ہم یہ کبھی بھی ہونا نہیں دینگے۔

اس موقع پر ضلع استور کے سینئر نائب صدرڈاکٹر مظفر ریلے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کی حکومت ڈاکے کے ذریعے آئی ہے گلگت بلتستان کے 95فیصد لوگ پیپلزپارٹی سے وابستہ ہیں اور پیپلزپارٹی 4دہائیوں سے گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کررہی ہے ۔گلگت بلتستان کے عوام اسلامی ،پاکستانی اور اپنے حقوق کے دفاع کرنا جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے ٹولے کو اپنی سیاست کے ذریعے دفن کر دینگے۔

نئے شمولیت کرنے والے ایم کیوایم کے ذونل انچارج محمد علی شاہ بھائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں امجد ایڈووکیٹ کی قیادت میں پیپلزپارٹی جو کام کررہی ہے وہ کوئی اور پارٹی نہیں کررہی ہے ۔اسمبلی کے اندر بیٹھے ہوئے تمام پارٹیاں کوئی اپوزیشن کا کردار ادا نہیں کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نگر سے راجگی نظام پیپلزپارٹی نے ہی ختم کیا تھا اس سے قبل لوگ گلگت آنے کے لئے راجوں سے اجازت نامہ لے کر جاتے تھے۔ بھٹو گلگت بلتستان کے عوام کے محسن ہیں تو نگر کے عوام کے لئے بزرگ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج حکومت امن چاہتی ہے تو انصاف اور برابری کی بنیاد پر فیصلے کرے ورنہ گلگت بلتستان میں امن قائم نہیں ہوسکتا ہے۔

سابقں مشیر جنگلات افتاب حیدر نے کہا کہ ہم سے بھی اپنے دور میں غلطیاں ہوگئی ہیں ،ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں تھی جس کی وجہ سے ہم آئینی صوبہ نہیں بنا سکے ۔آج تک گلگت بلتستان میں جتنی اصلاحات ہوگئی ہیں وہ پیپلزپارٹی کی مرہون منت ہے اور آج جو گلگت بلتستان کے عوام دوسرے صوبوں کے لوگوں کے برابر بول رہے ہیں وہ زبان بھی پیپلزپارٹی کا دیا ہوا ہے ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button