چترال

مستوج: پرواک میں بنیادی صحت مرکز کا قیام عمل میں لایا جائے

مستوج( کریم اللہ) پرواک میں ہیلتھ کیمپ کے قیام اور علاقے کے مسائل کومدنظر رکھتے ہوئے اس کیمپ کو مزید جاری رکھنے پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر چترال کا شکریہ اداکرتے ہیں کہ انہوں نے عوام ویلج کونسل پرواک کے گھمبیر مسائل کو پیش نظر رکھ کر یہاں ہیلتھ کیمپ کو برقرار رکھ کر عوام کی بھر پور مدد کی ہے۔ امید رکھتے ہیں کہ مستقبل میں نہ صرف اس کیمپ کو برقرار رکھا جائے گا بلکہ علاقے کے وسیع تر مفاد میں اس کیمپ کو مستقل کرنے میں بھی ہماری مدد کریں گے۔ ان خیالات کا اظہارویلج کونسل پرواک کے نائب ناظم اورمعروف سماجی کارکن عید علی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے علاقے کے عوام اورویلج کونسل کی جانب سے ڈی ایچ او کا شکریہ اداکرتا ہوں۔ ساتھ ہی ساتھ کیمپ میں بروقت ادویات کی فراہمی کے حوالے سے ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر پیپلز پرائمری ہیلتھ کئیرانشیٹیوز بھی شکرگزاری کے مستحق ہے کیونکہ انہوں نے ہیلتھ کیمپ کے لئے ادویات کی فراہمی میں اپنا بھر پور تعاون جاری رکھا۔ امید کی جاتی ہے کہ ڈی ایس ایم اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔ اس کے علاوہ ایم پی اے مستوج سید سردارحسین اورضلع ناطم حاجی مغفرت شاہ کابھی شکریہ اداکرتے ہیں کہ انہوں نے بھی اس کیمپ کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار اداکیا۔

یاد رہے پرواک یونین کونسل مستوج کا سب سےبڑا اورانتہائی اہمیت کی حامل ویلج کونسل ہے۔ چترال بروغل اور چترال شندور گلگت روڈ ویلج کونسل پرواک سے ہوکر گزرتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی چین پاکستان اقتصادی راہداری کا یہاں سے گزرنے کی صورت میں اس ویلج کونسل کی اہمیت اور بڑھ جاتی ہے۔ اس طویل رود پر کسی بھی ناگہانی حادثے کی صورت میں ابتدائی طبی امداد کے لئے بھی پرواک میں موجود ہیلتھ کیمپ کی خدمات حاصل کی جاتی رہی ہے۔ اس سارے تناظر میں علاقے کے عوام، سیاسی قیادت اور سول سوسائیٹی مسلسل صوبائی حکومت اور منتخب عوامی نمائندگان سے مطالبہ کررہے ہیں کہ جلد ازجلد ہنگامی بنیادوں پر پرواک میں ایک بنیادی صحت کا مرکز یعنی بی ایچ یو کا قیام عمل میں لایا جائے۔ تاکہ علاقے کے لوگوں کے مسائل حل ہونے کے علاوہ راہ چلتے مسافروں کے لئے بھی وہ طبی امداد کا ذریعہ بن سکے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button