سیاست

سکردو : شدید برف باری سےبالائی علاقوں میں غریب لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، سینئر رہنماء پاکستان تحریک انصاف

سکردو (بیورورپورٹ ) بانی وسینئر رہنماء پاکستان تحریک انصاف محمد علی دلشاد نے کہاہے کہ ایک ماہ سے بلتستان ریجن میں شدید برف باری کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ حکومتی ادارے زبانی جمع تفریق پر وقت گزار رہے ہیں۔ علاقے میں فاقہ کشی کی نوبت آچکی ہے۔ عوامی نمائندے اسلام آباد میں گرم کمروں میں بیٹھ کر بیانات دینے میں مصروف عمل ہیں۔ انہیں عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں کیونکہ یہ عوامی مینڈیٹ سے نہیں بلکہ مینڈیٹ چرا کر اقتدار میں آنے والے نمائندوں کا یہ وطیرہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلتستان ریجن کو فوری طورپر آفت زدہ قرار دے کر خصوصی پیکیجز کا اعلان کیا جائے۔

میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بالائی علاقوں میں غریب لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، ان کا حال پوچھنے والا کوئی نہیں۔ خاص کر بارڈر ایریا کے عوام انتہائی کسمپرسی کی حالت میں ہیں۔ ن لیگ کے وفاقی وصوبائی حکومت سے کوئی خیر کی توقع نہیں۔ عوام کے امیدوں کا محور پاک فوج ہے ۔ عوام کو ہمیشہ مشکل سے نکالنے میں پاک فوج ہی اپنا کردار ادا کر تے رہے ہیں اور موجودہ نا مساعد حالت میں بھی پاک فوج ہی عوام کے مسائل کا تدارک کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگ گلگت بلتستان کے عوام کوپرلے درجے کا شہری گردانتے ہیں۔ پنجاب میں میٹرو بس اور گرین ٹرین کیلئے کربوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں لیکن گلگت سکردو روڈ کیلئے ان کے پاس پیسے نہیں۔ انہوں نے کہاکہ کونسل کے نام پر کروڑوں روپے ذاتی بندربانٹ کیلئے پیسے موجود ہیں، غریب عوام کے دہلیز پر موجودہ حالات میں ادویات اور دیگر ضروریات زندگی رسانی کیلئے ان کے خزانے خالی ہیں ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button