خبریں

غذر پریس کلب میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد، مرحوم سید مہدی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا

غذر (بیورورپورٹ) محسن صحافت مرحوم سید مہدی کی یاد میں پریس کلب ضلع غذر میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا تقریب میں غذر کے صحافیوں کے علاوہ سرکاری ادراروں کے سربراہان نے شرکت کی اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے کے پی این ضلع غذر کے بیوروچیف یعقوب عالم طائی نے مرحوم کی خدمات اور صحافتی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ سید مہد ی گلگت بلتستان کے ایسے فرزند تھے جنہوں نے بلتستان کے ایک دورافتادہ اور پسماندہ گاؤں سے نکل کر خطے کے حقو ق کے لیے قلمی جہاد شروع کیامرحوم انتہائی حوصلہ مند اور قومی درد سے بھرپور شخصیت تھے گلگت بلتستان میں میڈیا جیسے گمنام ادارے کو بام عروج تک پہنچانا اور معیاری صحافت کے فروغ کے لیے ان کی خدمات رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی بزرگ صحافی کے انتقال سے نہ صرف کے پی این کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے بلکہ گلگت بلتستان کی قوم ایک خاموشی قلمی مجاہد سے محروم ہوگئی ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء و سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی عطاء الرحمن ایڈوکیٹ نے کہا کہ جس طرح صحافی آج مرحوم سید مہدی کو خراج تحسین پیش کررہے ہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مرحوم کی خدمات لازوال تھیں انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے جس کے ذریعے قومی حقوق کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جاتی ہے ہم مہدی مرحوم کی طویل قلمی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور امیدکرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کی صحافتی برادری مرحوم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے خطے کے مسائل کو اجاگر کرنے میں بھرپور کردار ادا کرے گی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹیچر ز ایسوسی ایشن ضلع غذر عنایت خان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کے پی این گروپ کا صحافت کے میدان میں بڑا کردار ہے ایسے کامیاب اداروں کے پیچھے مرحوم مہدی جیسی شخصیات ہی ہوتی ہیں جو بغیر کسی لالچ کے اپنا کردار ادا کرتی ہیں سامنے نہ آنا اور غیر محسوس طریقے سے خطے کے مسائل کا جنگ لڑنا کوئی آسان کام نہیں ہے ٹیچر ایسوسی ایشن ضلع غذر مرحوم کی وفات پر ادارے اور لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور مرحوم کی مغفر ت کے لیے ہم دعا گو ہیں

اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر ضلع غذر میر انتخاب الحق نے کہا کہ جب ہم اسلام آباد میں زیر تعلیم تھے تو مرحوم مہدی صاحب نے ہماری بھرپور رہنمائی کی اور ہمیشہ درس دیتے تھے کہ وہ اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے ساتھ خطے کے مستقبل کے بارے میں بھی فکر مند رہیں اور جہاں جہاں موقع ملے گلگت بلتستان کے حقو ق کے لیے بات کی جائے مرحو م نے پوری قوم کو حقوق کے لئے جدوجہد کرنے کا درس دیا اور اپنی پوری زندگی عوامی حقوق کے لیے وقف کردی مرحوم کی رحلت سے گلگت بلتستان ایک عظیم شخصیت سے محروم ہوگیا ہے ہم مرحوم کی عظیم خدمات پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے سینئر صحافی و سابق صدر پریس کلب غذر راجہ عادل غیاث نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی کے لیے مرحوم سید مہدی اور ان کے ادارے کا نمایاں کردار ہے مرحوم کی جہد مسلسل نے خطے کو ایک مقبول اور معیاری صحافتی ادارہ فراہم کیا انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایسے لوگوں کی مثال بہت کم ملتی ہے ہم مرحوم کی بے مثال خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں تقریب کے آخر میں خطاب کرتے ہوئے صدر پریس کلب غذر جاوید اقبال نے کہا کہ مرحوم سید مہدی صرف کے پی ین ہی کے نہیں بلکہ پورے گلگت بلتستان کے ہیروتھے تمام صحافی مرحوم کی قابلیت اور اہلیت پر ان کی دل سے قدر کرتے ہیں ہم مرحوم کی رحلت کو گلگت بلتستان کے لیے ناقابل تلافی نقصان سمجھتے ہیں اور مشکل کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں ان کا کہنا تھا کہ مرحوم سید مہدی نے اپنی پوری زندگی گلگت بلتستان کے حقوق کے لیے جنگ میں گزاری ملک کے معروف اشاعتی اداروں کے اندر اہم عہدوں پر فائز ہوکر خطے کے مسائل کو نیشنل اور انٹرنیشنل سطح تک پہنچایا ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button