خبریں

عوامی حقوق کے نام پر طلبا ،مریضوں اور عوام کو غیر ضروری تکالیف پہنچنے پر گہری تشویش ہے ۔ ممبران جی بی کونسل

سکردو (بیورو رپورٹ) چیئرمین سٹینڈ نگ کمیٹی جی بی کونسل اشرف صدا ،ممبر کونسل وزیر اخلاق حسین اور صدر یوتھ ونگ سکردو سید محمد علی شاہ نے کہا ہے کہ وعدے کے مطابق ود ہولڈینگ ٹیکس کے نفاذ کو وزیر اعظم پاکستان نے معطل کر دیا ہے 25اکتوبر کو وزیر اعظم پاکستان نے دورہ سکردو کے موقع پر ممبران جی بی کونسل و وزیر اعلیٰ جی بی کی خصوصی درخواست پر ود ہولڈینگ ٹیکس کے نفاذ کے فیصلے کو واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔

میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تمام قانونی و دفتری تقاضے پورے کرنے کے بعد آج ود ہولڈینگ ٹیکس معطل کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے گزشتہ تین سالوں میں جی بی کے عوام کیساتھ جتنے وعدے کئے تھے ان سب پر من و عن عمل درآمد کروایا ہے ،ٹیکس موجودہ حکومت نے نہیں بلکہ گزشتہ حکومت نے لاگو کیا ہے تاہم کچھ لوگ اپنی ذاتی سیاست چمکانے کیلئے ہمارے اہم قومی مفادات کی اصلاحات کو سراہنے کی بجائے عوام میں بے چینی ،احساس محرومی پھیلانے کے ایجنڈے پر کار فرما ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کا پُر امن احتجاج ان کا جمہوری حق ہے ہم ایک جمہوری جماعت سے تعلق رکھتے ہیں تاہم عوامی حقوق کے نام پر طلبا ،مریضوں اور عوام کو غیر ضروری تکالیف پہنچنے پر گہری تشویش ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ ود ہولڈینگ ٹیکس کے خاتمے کے بعد جی بی کی تاجر برادری اپنے احتجاج ختم کر یگی ۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ گلگت سکردو روڈ شروع ہونے پر سکردو کی انجمن تاجران کو شہر میں دس خیر مقدمی بینر آویزاں کر کے وفاقی و صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کرنے کی توفیق نصیب نہیں ہوئی جبکہ گلگت سکردو روڈ منصوبہ تاجر برادری اور عوام کے وسیع تر مفاد میں ہے ۔

بلتستان یونیورسٹی ،شگر کھرمنگ اضلاع ،چھومک برج ،شہر کی سڑکوں کی ری کارپٹنگ سمیت کئی میگا پڑاجیکٹس کے اجرا پر انجمن تاجران کی خاموشی معنی خیز ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انجمن تاجران سکردو اور سول سوسائٹی کے سرگرم افراد کا تعلق ہماری مخالف پارٹیوں سے ہے اور دیگر پارٹیوں میں اہم عہدوں پر فائز ہیں جوکبھی ٹیکس کے نام پر کبھی روڈ کے نام پر اور کبھی آئینی حقوق کے نام پر اپنی سیاست چمکا رہے ہیں۔

شہر میں سودی کا روبار کا خاتمہ مسلم لیگ نواز کا اگلا ہدف ہوگا ہماری نظریں حالات پر مرکوز ہیں اور ہم اپنی حکومت کا دفاع کرنا نہ صرف جانتے ہیں بلکہ سازشی عناصر کو بے نقاب کرنا بھی جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تناظر میں جی بی اس وقت تعمیر و ترقی کی شاہراہوں پر گامزن ہے ان حالات میں جی بی میں آئے دن دھرنوں ،احتجاجوں ،ہڑتالوں اور دیگر عدم استحکام کی سیاست کے پس پردہ مقاصد پر ہماری گہری نظر ہے ۔انہوں نے کہا کہ جوش خطابت میں صبح شام جی بی کونسل کے ممبران کو کوسنے والے سن لیں کہ جی بی کونسل کے موجودہ ممبران کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی گزشتہ کونسل کی پانچ سالہ کارکردگی پر بھاری ہے اور کونسل کے ممبران سیاحت ،معدنیات ،برقیات ،جنگلات سمیت جی بی کونسل کے تمام شعبوں میں یکساں ترقی کیلئے پوری یک سوئی اور تندہی کیساتھ مصروف عمل ہیں۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button