عوامی مسائل
بونجی کو بجلی فراہم نہیںکی گئی تو شاہراہ قراقرم بلاک کردیں گے، سابق وزیر نصیر خان کی دھمکی
استور ( بیورو رپورٹ) محکمہ برقیات استور نے بونجی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا ہے۔ گلگت بلتستان میں سب سے زیادہ گرمی بونجی میں ہوتی ہے ان حالات میں بجلی نہیں دینا یہاں کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ فوری طور پر بجلی نہیں دی گئی تو تھلیچی کے مقام پر شاہراہ قراقرم بلاک کرکے احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔ سابق صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن محمد نصیر خان ۔
انہوں نے مزید کہا کہ بونجی کے عوام نے کچھ عرصہ قبل تمام بجلی کے لاینز اور کھمبے خود ٹھیک کرکے بجلی بحال کی تھی لیکن گزشتہ ایک مہینے سے عوام اندھیرے میں ڈوبے ہوے ہیں۔ ایکسین استور پورے سال میں صرف چار دن اپنے دفتر آیا ہے۔ محکمہ برقیات کو کرپشن کا اڈا بنایا گیا ہے، محکمہ برقیات کے سیکرٹری کو بھی بارہا باور کروانے کے باوجود وہ بھی ٹس مس نہیں ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایکسن استور اپنے دفتر میں ڈیوٹی دینے کے بجائے گلگت میں بیٹھ کر عوام اور سائلوں کو عذاب میں ڈال رہا ہے۔ اگر تمام کام گلگت سے ہوتے ہیں تو استور سے محکمہ برقیات کو ختم کرکے گلگت سے ہی آڈرز جاری کئے جائیں۔ کرپشن اقرابپروی کے انوکھے انداز کو فوری ختم کرتے ہوے فوری طور پر بونجی کی عوام کو بجلی کی فرہمی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر عوامی سطح پر سنگین تنایج سامنے آیں گے۔