سول ہسپتال چٹورکھنڈ میںایک مہینے سے میڈیکل آفیسر موجود نہیں، مریض رُل رہے ہیں
اشکومن(کریم رانجھا) ؔ سول ہسپتال چٹورکھنڈ میں ایک مہینے سے میڈیکل آفیسر موجود نہیں،مریض خوار ہونے لگے،ڈی ایچ او غذر خواب خرگوش میں،متبادل بندوبست نہیں کیا جارہا۔تحصیل اشکومن کے واحد سرکاری ہسپتال میں میڈیکل آفیسر موجود نہیں جس وجہ سے پورے تحصیل اشکومن سے آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق چند ماہ پہلے سول ہسپتال چٹورکھنڈ میں ایک لیڈی میڈیکل آفیسر کی تعیناتی عمل میں آئی تھی جو چند دنوں کے بعد تین مہینے کی چھٹی لے کر کراچی چلی گئی ہے اور ایک مہینہ گزر جانے کے بعد بھی علاقے کے واحد ہسپتال میں متبادل میڈیکل آفیسر کا بندو بست نہ ہو سکا۔سول ہسپتال چٹورکھنڈ تحصیل اشکومن کا واحد سرکاری ہسپتال ہے جہاں سے وادی اشکومن کی پچاس ہزار کی آبادی استفادہ کرتی ہے لیکن سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے علاقے کے بیشتر عوام ضلع کے دیگر ہسپتالوں سے رجوع کرنے پر مجبور ہیں۔محکمہ صحت کے ذمہ داران بار بار کے شکایتوں کے باوجود ٹس سے مس نہیں ہورہے۔عوام علاقہ کا کہنا ہے کہ فوری طور پر متبادل میڈیکل آفیسر کا بندوبست کیا جائے۔