خصوصی خبر

سیلاب سے متاثرہ نہر کی بحالی کے دوران ملبہ گرنے سے سات رضاکار جان بحق، چھ زخمی

گلگت: ضلع گلگت کے علاقے دنیور میں واقع مونگاہ نالہ میں سیلاب سے متاثرہ نہر کی مرمت کے دوران ملبہ گرنے سے متعدد مقامی رضاکار دب گئے، جن میں سے سات کے جان بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے، جبکہ کم از کم چھ زخمی ہیں۔ ریسیکو ۱۱۲۲ کے اہلکاروں نے تصدیق کرتے ہوے بتایا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں پیار علی، نائیک عالم، آدم علی، اظہرالدین، آفاق عالم، اظہر اور دلدار حسین شامل ہیں۔ جبکہ زخمیوں میں انور، عزیز امان اور دو دیگر افراد شامل ہیں جنہیں معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

مقامی افراد نے بتایا ہے کہ حالیہ شدید بارشوں اور فلیش فلڈز نے علاقے کو پانی فراہم کرنے والی نہروں کو شدید نقصان پہنچایا تھا، جس کے باعث مقامی آبادی پانی سے محروم ہو گئی تھی۔ گزشتہ کئی ہفتوں سے پانی نہ ہونے کی وجہ سے فصلیں اور درخت سوکھ رہی تھیں جس کی وجہ سے مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت بحالی کے کاموں میں رضاکارانہ طور پر شریک تھے۔

رات کے تقریباً ڈیڑھ بجے رضاکار ملبہ ہٹانے اور پانی کی روانی بحال کرنے کے لیے کمیونٹی کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کا حصہ تھے کہ اچانک بہت سارے ملبے تلے دب گئے۔

آغا خان اسپتال گلگت کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی کہ مانگاہ نالہ سے لائے گئے زخمیوں میں سے دو زندہ بچ گئے، جبکہ سات دیگر کی اموات کی تصدیق اسپتال پہنچنے پر کی گئی۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان جو ان دنوں تاجکستان کے دورے پر ہیں نے اس سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ 

دوسری طرف، سوشل میڈیا پر شہری شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں اور پوچھ رہے ہیں کہ آخر کیوں متعلقہ محکمے اور ضلعی و صوبائی انتظامیہ ان مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہے اور کیوں عوام کو اپنی مدد آپ کے تحت بحالی کے ان پرُخطر کاموں میں حصہ لینے پر مجبور ہونا پڑا۔ 

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button