گلگت بلتستان

محرومیوں کے خاتمے کیلئے جدوجہدبرقرار رکھنے کی ضرورت ہے: سید پیر کرم علیشاہ

اسلام آباد:  گورنر گلگت بلتستان سیّد کرم  علی شاہ نے کہا ہے کہ جس عزم صمیم کے ساتھ گلگت بلتستان کی سرزمین سے محرومیوں کے خاتمہ کیلئے جدوجہد شروع کی اسے برقرار رکھنے کی ضرورت ہے، راجہ حسین کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں صدارتی ایوارڈ دلانے کیلئے گلگت بلتستان کی حکومت بھرپور کردار ادا کرے گی۔ وہ جمعہ کو یہاں نیشنل پریس کلب کے زیر اہتمام گلگت بلتستان کے کثیر الاشاعت اخبار کے چیف ایڈیٹر راجہ حسین خان مقپون (مرحوم) کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں گلگت بلتستان کابینہ کے اراکین، کونسل اراکین سمیت مختلف اخبارات کے مدیران اور اہل قلم و دانش نے شرکت کی۔ سیّد کرم  علی شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کی 66 سال کی محرومیوں کے پیچھے ہماری اپنی کوتاہیاں اور وہ وجوہات ہیں جس کی وجہ سے ہم طاغوتی قوت سے آزادی کے بعد مختلف فرقوں میں بٹ گئے اور ہماری مؤثر آواز منقسم ہو گئی۔ تقریب سے سپیکر گلگت بلتستان وزیر بیگ، مشیر وزیراعظم پاکستان غلام حسین سلیم، وزیر ٹیکسیشن نصیر خان، ڈاکٹر غلام عباس، وزیر صحت حاجی گل میر، سینئر صحافی و سابق صدور نیشنل پریس کلب محمد افضل بٹ، طارق چوہدری، محبوب الرحمن تنولی، عالم نور حیدر، ولایت  علییوف شاہ، مرحوم راجہ حسین مقپون کے صاحبزادے راجہ کاشف نے بھی خطاب کیا۔ نیشنل پریس کلب کے صدر فاروق فیصل خان نے کہا کہ نیشنل پریس کلب کی عمارت کی تعمیر میں راجہ حسین کا بھی اتنا ہی کردار ہے جتنا اس کی قیادت کا اور اس وقت گلگت بلتستان کے 66 صحافی اس پریس کلب کے رکن ہیں اور آئندہ برس ان کی تعداد 200 ہو جائے گی۔ انہوں نے گورنر گلگت بلتستان اور دیگر وزراء و اراکین سے اپیل کی کہ وہ راجہ حسین کے ادارے کی ترقی اور ان کی جدوجہد اور مشن کو آگے بڑھانے کیلئے مختلف اداروں کے ذمہ واجبات کی ادائیگی میں کردار ادا کریں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button