گلگت بلتستان
خواتین کو ووکیشنل تربیت دینے کے لئے ادارے کا قیام عمل میں لایا گیا ہے: سعدیہ دانش
اسلام آباد: گلگت بلتستان کی سیاحت کی مشیر سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں اور ان کے تحفظ کیلئے اسمبلی میں ضروری قانون سازی کی جائے گی۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ”وومن ڈویلپمنٹ” کے نام سے ایک ادارے کا قیام عمل میں لا یاہے جو خواتین کو ووکیشنل ٹریننگ فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کوسہولیات فراہم کرنے کیلئے نادرا کے علیحدہ دفتر کا قیام جلد عمل میں لایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے خواتین کو تحفظ نسواں بل کی منظوری کے ذریعے بااختیار بنایا ہے اور خواتین ملکی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں ٹریننگ دینے سمیت مختلف ترقیاتی پروگرام شروع کئے ہیں جس سے گلگت بلتستان کی سینکڑوں خواتین مستفید ہو رہی ہیں۔