گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ہلال احمر حکومتی سرپرستی سے محروم، وجود کو خطرہ لاحق ہے: آصف حسین

گلگت(پ ر) ہلال احمر گلگت بلتستان کے چےئرمین آصف حسین نے کہا ہے کہ انجمن ہلال احمر گلگت بلتستان نے علاقائی سطح پر وقوع پذیر ہونے والے قدرتی آفات کے دوران متاثرین کی امداد و بحالی کی سرگرمیو ں میں صوبائی حکومت کی بھر پور معاؤنت کی لیکن حکومت کی طرف سے ادارے کو در پیش مسائل کے خاتمے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے اور صدر مملکت آصف زرداری کی خصوصی احکامات کے باوجود صوبائی حکومت کی طرف سے تا حال کسی قسم کا تعاؤن نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے علاقے میں نہ صرف ہلال احمر کی سرگرمیاں معطل ہو رہی ہیں بلکہ مستقبل میں اس قومی فلاحی ادارے کے وجود کو بھی شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہلال احمر گلگت بلتستان کے زیر اہتمام آفت زدہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے رضاکاروں کے لئے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب میں کیا۔آصف حسین نے کہا ہے کہ 2008میں اس وقت کے چیف سیکرٹری نے گلگت شہر میں ہلال احمر کیلئے اراضی الاٹ کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر ترکی ریڈکریسنٹ کی طرف سے ادارے کیلئے عمارت کی تعمیر کی مد میں 10کروڑ روپے بھی مختص کئے گئے تھے لیکن حکومت کی جانب سے زمین فراہم نہ کرنے پر امدادی ادارے کو یہ رقوم واپس کر دی گئیں جس پر انہیں انتہائی دکھ اور افسوس ہو رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت اور گورنر گلگت بلتستان کو بھی ہلال احمر کو در پیش مسائل کا ادرا ک ہے اور اس سلسلے میں انہو ں نے صوبائی حکومت کو ہلال احمر گلگت بلتستان کیلئے سالانہ گرانٹ مختص کرنے کے احکامات بھی جاری کئے لیکن اس کے باوجود حکومتی سطح پر کوئی اقدامات نہیں کئے گئے اور آج ہلال احمر گلگت بلتستان کو مستعد منصوبوں کیلئے امداد فراہم کرنے والے اداروں نے بھی مذید امداد جاری رکھنا بند کر دیا جس کی وجہ سے نہ صرف ملازمین  کےچولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں بلکہ ادارے سے استعفادہ حاصل کرنیو الے لاکھوں غریب عوام کا بھی بڑا نقصان ہو رہا ہے ۔اس کے باوجود حکمرانوں نے ادارے کی حمایت میں ایک بیان تک نہیں دیا۔
انہو ں نے ہلال احمر گلگت بلتستان کے مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی لینے پر صدر مملکت گورنر گلگت بلتستان اور چیف سیکرٹری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ خدمات صوبائی حکومت کیلئے مشعل راہ میں اس لئے وہ بھی آگے قومی ادارے کو تباہی سے بچانے کیلئے کردار ادا کریں۔تقریب سے گلگت یونین آف جرنلٹس کے صدر طارق حسین شاہ ،نائب صدر طاہر رانا اور ہلال احمر کے صوبائی سیکرٹری راجہ شفیق احمد نے بھی خطاب کیا۔
Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button