وادی یاسین میں جیالوں نے بغاوت کر دی، سینکڑوں کارکن مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگیے
یاسین(معراج علی عباسی سے) پاکستان پیپلزپارٹی تحصیل یاسین کے سینئروبانی رہنماؤں سمیت سینکڑوں جیالوں نے صوبائی حکومت پرعدم اطمینان کااظہار کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کااعلان کردیا ہے۔ اتوارکے روزیاسین ریسٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک ہنگامی اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی تحصیل وضلعی کمیٹی کے سابق عہدیداروں اورسینئر کارکنوں سمیت دوسوسے زائد افرادنے شرکت کی ۔جس میں طویل غوروخوض کے بعد پیپلزپارٹی کے بانی رہنماصوبیدارمیجر(ر) افضل امان ،نمبردار بلبل،مظہر شاہ ،مہتر،قیمت شاہ، زربہارشاہ،سمرولی،نمبردار مہرعلی، مبارک علی ،وزیر امان،جاوید ،حوالدار نادر،تیغون شاہ ،صوبیدار(ر)جنگی عالم ،نمبردار شیرباز،میرزامحمد، چیئرمین مجید،نمبردار نیت پناہ،رحمت داد،افضل بیگ سمیت دوسوسے زائدرہنماؤں اور جیالوں نے پیپلزپارٹی کوخیربادکہتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کااعلان کرتے ہوئے سابق ممبرقانون سازاسمبلی ومسلم لیگ (ن) کے رہنما غلام محمدکی قیادت پرمکمل اعتمادکااظہار کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے پیپلزپارٹی چھوڑنے پر جشن منایا اور نئی پارٹی میں شمولیت کی خوشی میں مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے رہنماغلام محمد نے ان کی قیادت پراعتمادکااظہارکرنے پرتمام کارکنوں کاشکریہ اداکیا اورمسلم لیگ (ن) میں شمولیت پرانہیں خوش آمدید کیا۔ انہوں نے اپنے خطا ب میں کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی پیپلزپارٹی کے منشورسے کوئی انکارنہیں کرسکتا۔لیکن موجودہ نااہل اور کرپٹ حکمرانوں نے ایک جمہوری پارٹی کودیمک کی طرح چاٹ کررکھ دیا اور صوبائی سطح پر کرپشن اور لاقانونیت کے تمام ترریکارڈ توڑدئیے جس کی وجہ سے انہیں اس بدنام زمانہ پارٹی چھوڑناپڑا۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی سطح پر نئی حکومت کے قیام کیسا تھ ساتھ صوبائی سطح پر بھی کرپٹ حکومت کااحتساب شروع کیاجائے گا اورآنے والے وقتوں میں عوام کیساتھ ہونے والی ناانصافیوں کاازالہ کیاجائے گا۔