گلگت بلتستان
گلگت بلتستان حساس صوبہ ہے، متنازعہ بیانات سے گریز کیا جائے: وزیر اعلی
گلگت (پریس ریلیز) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنایا جائیگا۔ ممبران اسمبلی اپنے حلقوں میں موجودگی کو یقینی بنائیں۔ ضابطہ اخلاق پر من و عن عمل در آمد کو یقینی بنا یا جائیگا اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حساس مقامات کی سیکورٹی سخت کرنے اور گلگت بلتستان کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی سخت کرنے کی ہدایت کی ہے غیر مقامی افراد کی داخلے سے قبل شناخت کو یقینی بنایا جائے گا۔
علماء کی ذمہ داری
علماء کرام اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے بھائی چارگی اور امن کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے اپنا اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ محرم الحرام کا مہینہ مقدس مہینہ ہے ۔ اس مقدس مہینے میں ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کریں۔ دل آزار تقاریر کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔ لوڈ سپیکر کے غیر ضروری استعمال کو روکا جائیگا۔ کالعدم تنظیموں کے ممبران پر نظر رکھی جائیگی اور کالعدم تنظیموں کی سر گرمیوں پر پابندی کو یقینی بنایا جائیگا۔ وزیر اعلیٰ نے مساجد بورڈ اور پارلیمانی امن کمیٹی کے امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے کردار کو سہراتے ہوئے کہا کہ مساجد بورڈ اور پارلیمانی کمیٹی کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے تمام ضلعوں کے انتظامیہ کو بھی محرم الحرام کے دوران اپنے متعلقہ اضلاع میں موجودگی کو یقینی بنانے کیلئے ہدایت کی ہے۔ محرام الحرام کے دوران تمام حساس مقامات میں فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنایا جائیگا۔
گلگت بلتستان حساس صوبہ ہے، متنازعہ بیانات سے گریز کیا جائے
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے منتخب سیاسی نمائندوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے امن وامان کی فضاء بر قرار رکھنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو چاہیے کہ غیر زمہ دارانہ اور متنازعہ بیانات اور تصاویر سے اجتناب کریں۔ گلگت بلتستان پاکستان کے دیگر صوبوں سے زیادہ حساس صوبہ ہے۔ لہذا متنازعہ بیانات سے اجتناب کریں. وفاقی حکومت کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں تمام سیاسی جماعتوں سے متفقہ طور پر وفاقی حکومت کو مینڈیٹ دیا ہے۔ طالبان سے مزاکرات صوبائی مسئلہ نہیں ہے لہذا ہمیں صوبے کے حساسیت کا احساس کرتے ہوئے انتہائی محتاط رویہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ تاکہ امن وامان کو بر قرار رکھا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے امن و امان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تمام پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے ممبران اسمبلی نے شرکت کی۔
کمیٹیوں کی تشکیل
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے تمام اضلاع میں ممبران اسمبلی پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی گئی۔ ضلع گلگت میں ڈپٹی سپیکر جمیل احمد کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے کمیٹی میں وزیر برقیات دیدار علی، مشیر جنگلات آفتاب حیدر، مشیر سیاحت سعدیہ دانش، چےئر مین پبلک اکاونٹس کمیٹی سید رضی الدین رضوی اور ممبران قانون ساز اسمبلی مہناز ولی شامل ہے۔ ضلع سکردو میں وزیر پلاننگ راجہ اعظم کی سر براہی میں کمیٹی بنائی گئی ہے کمیٹی میں وزیر زراعت شیخ نثار سرباز، ممبر قانون ساز اسمبلی سید محمد علی شاہ، ممبر قانون ساز اسمبلی وزیر حسن، ممبر قانون سا ز اسمبلی فدا محمد ناشاد، ممبر قانون ساز اسمبلی شیریں فاطمہ شامل ہیں۔ ضلع دیامر میں وزیر تعمیرات عامہ کی سر براہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ وزیر صحت حاجی گلبر خان، اپوزیشن لیڈر حاجی جانباز خان، ممبر قانون ساز اسمبلی حاجی رحمت خالق، ممبر قانون ساز اسمبلی مولانا سرور شاہ اور ممبر قانون ساز اسمبلی گل میرہ شامل ہونگی۔ ضلع غذر میں وزیر تعلیم ڈاکٹر علی مدد شیر کی سر براہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی میں ممبر اسمبلی ایوب شاہ، ممبر قانون ساز اسمبلی یاسمین نظر اور ممبر قانون ساز اسمبلی نواز خان ناجی شامل ہیں۔ ضلع گانچھے میں سینئر وزیر محمد جعفر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے کمیٹی میں وزیر بلدیات انجینئر اسماعیل، ممبر قانون ساز اسمبلی سلطان علی خان اور ممبر قانون ساز اسمبلی آمنہ انصاری کمیٹی کے ممبر ہونگے۔ ضلع استور میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے حوالے سے وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن محمد نصیر خان اور ممبر اسمبلی عبدالحمید خان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ دیگر اضلاع کی طرح ضلع ہنزہ نگر میں وزیر خزانہ محمد علی اختر کی سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی ہے۔ کمیٹی میں مطابعت شاہ اور مرزہ حسین شامل ہیں۔
اجلاس میں قائد حزب اختلاف حاجی جانباز خان ،ممبر قانون ساز اسمبلی حاجی فدا محمد ناشاد اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صوبائی صدر و ممبرقانون ساز اسمبلی مرزہ حسین سمیت تمام ممبران اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کی قیام امن کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔