عطا آباد جھیل کی منجمد سطح توڑ کر سینکڑوں مسافروں کو منزلوں تک پہنچنے میں مدد فراہم کی گئی
ہنزہ نگر ( بیورو رپورٹ ) عطاآباد جھیل میں برف جمنے کی وجہ سے وادی گوجال (بالائی ہنزہ) اور سنٹرل ہنزہ میں پھنسے ہوئے سینکڑوں مسافر، مریض اور طلبہ کی بڑی تعداد کو آج چائینز رافٹ انجن کی مدد سے آئین آباد اور اسپل وے سائیڈ تک پہنچا دیا گیا۔ رافٹ انجن جھیل کی سطح پر جمی برف کو توڑتے ہوئے کشتیوں کے آگے چلی جبکہ برف ٹوٹنے کی وجہ سے بننے والے آبی راستے پر چلتے ہوئے تین مسافر بردار کشتیاں اسپل وے پہنچ گئی۔
سردی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے عطاآباد جھیل کی سطح مکمل طور پر منجمد ہے. جسکی وجہ سے کشتیوں کو چلنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ جس کی بنا پر ضلعی انتظامیہ نے کوئی ناخوشگوار واقعہ رو نما ہونے سے پہلے ہی کشتی سروس پر پابندی عائد کی گئی تھی، ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہر دوسرے دن چائینز رافٹ کی مدد سے بالائی اورمرکزی ہنزہ میں پھنسے لوگوں کو نکال دیا جائے گا۔
تین دنوں سے پھنسے ہوئے مسافروں ،طلبہ اور مریضوں کی ایک بڑی رش عطاآباد جھیل پر رہی ۔ جبکہ محکمہ صحت ہنزہ نگر نے بالائی ہنزہ میں پھسے ہوئے مریضوں کیلئے ایمبولینس سروس بھی فراہم کی گئی اور دیگر ضروری ادویات کو گزشتہ روز چلنے والی کشتی سروس میں بالائی ہنزہ تک پہنچا یا گیا۔جبکہ دوسری جانب آغاخان ہیلتھ سروس نے بھی ادویات اور نرسوں کو وادی گوجال کے مختلف علاقوں میں موجود ہیلتھ یونٹس تک پہنچانے کے انتظامات کیے تھے.