تعلیم
قراقرم یونیورسٹی وائس چانسلر کی تعیناتی نہ ہوسکی، ماسٹرز اور ایم فل کے طلبہ متاثر
گاہکوچ(نمائندہ خصوصی) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت کے نے وائس چانسلر کی عدم تعیناتی کی وجہ سے یونیورسٹی کے اہم امور شدید متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ ماسٹر اورایم فل کے تھیسس اور مقالے لکھنے والے طلبہ کا سال ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔کئی ڈیپارٹمنٹس میں سپروائزر تک موجود نہیں، جب کہ دیگر یونیورسٹیوں سے سپروائزر کے لیے وائس چانسلر کی منظوری ضروری ہے، جس کے لیے نیا وائس چانسلر تعینات نہیں کیا گیا جبکہ ڈاکٹر نجمہ نجم گزشتہ کئی مہینوں سے سٹیشن پر موجودنہیں ہیں. اس وقت گلگت بلتستان کی اکلوتی یونیورسٹی کے اندرونی اور تعلیمی معاملات انتہائی ناگفتہ بہ ہیں، نئے وائس چانسلر کی تعیناتی اور اس میں ہونے والی غیرضروری تاخیر سے نقصان صرف نئی نسل کا ہی ہو رہا ہے، ایک طرف یونیورسٹی میں گزشتہ دو سالوں سے لگاتارفرقہ وارانہ کشیدگی سے طلباء کی پڑھائی پہلے ہی بری طرح متاثر ہو چکی ہے، جب کی رہی سہی کسر وائس چانسلر کے لیے جاری رسہ کشی نے پوری کردی ہے.یونیورسٹی کے موجودہ حالت کو طلبہ و طالبات،والدین،عوام سول سوسائٹی سمیت دیگر سیاسی سماجی و عوامی حلقوں نے علاقے کے لیے انتہائی تباہ کن قرار دیتے ہوئے فلفور وائس چانسلر کی تعیناتی اور معاملات کو سدھارنے کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ ماسٹر اورایم فل کے تھیسس اور مقالے لکھنے والے طلبہ کاقیمتی سال ضایع ہونے سے بچ سکے. اور یونیورسٹی کے معاملات احسن طریقے سے آگے بٹرھ سکیں۔