تعلیم
گورنمنٹ سکول داماس (گاہکوچ) میں تقسیم انعامات کی تقریب
گاہکوچ(نیوز رپورٹر) داماس کمیونٹی ویلفیئر اینڈ ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام گورنمنٹ مڈل اسکول دماس میں پر وقارتقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں گاوں کے مختلف سکولوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے 18ہونہار طلبہ و طالبات میں سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم کے گئے۔ تقریب میں ڈی جے مڈل اسکول اور گورنمنٹ مڈل اسکول کے اساتذہ اور طلبہ وطالبات ، والدین کے علاوہ دیگر سیاسی و سماجی لوگوں نے بھی شرکت کی.تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف ماہرتعلیم عبدالجبار نے کہا کہ دنیا انتہائی تیزی کے ساتھ بدل رہی ہے،بدلتی دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں بھی اسی حساب سے بدلنا ہوگا،غربت سے ڈرنے کے بجاے غربت میں رہتے ہوئے ہی معاشرے میں اعلی مقام حاصل کرنا کمال کی بات ہے۔ داماس کمیونٹی ویلفیئر اینڈ ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن نے آج کی یہ تقریب منعقد کر کے اس بات کا ثبوت دیا کہ وو اپنے علاقے اور نئی نسل کے لیے بہت مخلص ہیں۔تقریب سے اپنے خطاب میں ایریا مینیجر اے کے آر ایس پی رحمت والی نے کہا کہ اے کے ار اس پی خطے میں عوام میں شعور و آگاہی اور سہولیات بہم پہنچانے میں پیش پیش ہے، آج کی یہ تقریب بھی نئی نسل کیلیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے، جس سے تمام طلباء کو آگے بڑھنے کا حوصلہ ملے گا، گورنمنٹ مڈل اسکول کے ہیڈ ماسٹر ہمت والی نے اس موقے پر داماس کمیونٹی ویلفیئراینڈ ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اس تقریب کے انعقاد سے یقیناً گاوں دماس کے سکولوں میں زیرتعلیم تمام بچوں کو ایک نیا حوصلہ ملا ہے،زندہ قومیں یقیناً اپنے نئی نسل کی ہر قدم رہنمائی کرتے رہتے ہیں،ہمیں معاشرے میں تعلیمی انقلاب برپا کرنے اور اقوام عالم کا مقابلہ کرنے کے لئے مل جل کر آگے بڑھنا ہوگا۔پروگرام کے آخرمیں داماس کمیونٹی ویلفیئر اینڈ ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن کے جنرل سیکرٹری اور ماہر تعلیم سلیمان شاہ نے گورنمنٹ اورڈی جے اسکول کے اساتذہ اور طلبہ کو پروگرام کو کامیاب بنانے پر شکریہ ادا کیا، اور آئندہ بھی اسی طرح کے پروگرامز کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔