گلگت بلتستان
محکمہ خوراک آٹے کا تھیلہ640 پر فروخت کررہا ہے، عوام سے 180روپے زائد لیا جارہا ہے
گلگت(ڈسٹرکٹ رپورٹر،شاہد گولڈن) عوامی ایکشن کمیٹی کے مرکزی رہنما عبدالسمیع نے کہا ہے کہ دیامر ڈیم کے جائز مطالبات من و عن پورے کئے جائیں مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں عوامی ایکشن کمیٹی احتجاجی دھرنے دینے پر مجبور ہوگی ۔حکومت ہر مسئلے کا حل دھرنوں میں نہ ڈھونڈے گلگت کے ایک مقامی ہوٹل میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دیامر کے عوام نے آباؤاجداد کے قبروں زمین جائیداد اور دیگر قیمتی املاک کو ڈبو کر پاکستان کو روشن کرنے کا عہد کیا تھا اور بجلی بحران کا حل گلگت بلتستان میں صفر ہے ۔حکومت بڑی قربانیوں کے باوجود دیامر کے عوام کے ساتھ زیادتی کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیامر ڈیم کمیٹی کے مطالبات تسلیم کرے اور ڈی سی ،اے سی دیامر اور چئرمین واپڈا کو فوری طور پر ٹرانسفر کرے اہلیان گلگت دیامر ڈیم کمیٹی کے دھرنے کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں ۔ضرورت پڑنے پر عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما دیامر دھرنے میں پہنچ جائینگے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک گندم کی گیارہ روپے فی کلو قیمت کے باوجود آٹے کا تھیلہ 640پر فروخت کررہا ہے اور عوام سے 180روپے زائد لیا جارہا ہے جو کہ نوٹیفکیشن کے خلاف ورزی ہے۔ جبکہ اصل قیمت 550بنتی ہے ۔سو روپے پسائی کے بنتے ہیں حکومت سو روپے کاٹ کر آٹے کا تھیلہ 550پر عوام کو دے دیں۔
پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سلطان رئیس نے کہا کہ پولو گراونڈ میں ہونیوالے واقع میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی نہ ہونے پر تشویش ہے ۔پتھراؤ اور اشتعال انگیز نعرے لگانے والوں کیخلاف اور ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود ذمہ داروں کیخلاف کارروائی نہ ہونا سمجھ سے بالا تر ہے حکومت فوری طور پر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرے ۔