تعلیم

اس دور میں سیاستدان وہ مشہور ہے جو گندم سبسڈی کے خاتمے کیخلاف بڑا جلوس نکالے، نواز ناجی کا انٹر کالج چھٹورکھنڈ میں تقریب سے خطاب

 چٹورکھنڈ(کریم رانجھا)علم وشعور نہ ہو تو انسان نعمت کو ضائع کردیتا ہے ،آج کے دور میں وہ سیاستدان مشہور ہے جو سبسڈی کے خاتمے کے خلاف بڑا جلوس نکالے ،سبسڈی آفت زدہ لوگوں کو دی جاتی ہے ،اگر یہ روش ترک نہ کی تو اقوام کے سامنے نسل در نسل بھکاری بنے رہیں گے،کالج کا پی سی ون ریوائز ہو چکا ہے ،پی سی فور کے لئے اسمبلی میں واویلا کروں گا ،طلبہ اپنی تمام توا نائیاں حصول علم کے لئے صرف کریں۔

ان خیالات کا اظہار ممبر قانون ساز اسمبلی حلقہ 1غذر نواز خان ناجی نے انٹر کالج چٹورکھنڈ میں ’’معاشرے کی تعمیروترقی میں طلباء کا کردار‘‘کے عنوان سے منعقد ہونے والے تقریری مقابلے کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ وقت تیزی سے تبدیل ہورہا ہے اس ماحول میں جدید دنیا کے ساتھ ہم آہنگی انتہائی ضروری ہے اور یہ تب ممکن ہے جب نئی نسل جدید علوم میں مہارت حاصل کریں،ہم بحثیت قوم محنت سے کترارہے ہیں ،گندم کی سبسڈی ملی تو کھیتوں میں کام کرنا چھوڑ دیا ،یہ زوال کی نشانی ہے ۔سبسڈی آفت زدہ لوگوں کو دی جاتی ہے اور آخر کب تک ہم اپنی نسلوں کو بھکاری بنائے رکھیں گے؟انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ کوالٹی ایجوکیشن پر دھیان دیں اور جفا کش بنیں ،مغرب کی کامیا بی کا راز یہ ہے کہ انہوں نے کتاب سے رشتہ نہیں توڑا ۔کالج کے مسائل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کالج کا پی سی ون ریوائز ہو چکا ہے جس پر ٹینڈر کرانے کے لئے جدوجہد کروں گا اور پی سی فور کی منظوری کے لئے اسمبلی کے فلور پر بھی آواز اٹھاؤں گا۔

قبل ازیں طلبہ وطالبات کے مابین تقریری مقابلہ ہوا ،مقررین نے معاشرے کی ترقی میں طلباء کا کردار کے حوالے سے انتہائی مدلل تقریریں کیں ۔مقابلے میں طالبہ ثروت جبین نے اول ،طالبہ مہین نے دوسری اور طالبہ حمیرا شریف نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کالج کے پرنسپل جمعہ گل نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے مہمان خصوصی کو کالج کے مسائل سے آگاہ کیااور کہا کہ کالج کی نامکمل عمارت کی وجہ سے شدید مشکلات درپیش ہیں ،سرکاری فنڈز نہ ہونے کے باعث غریب طلبہ وطالبات سے فیس لے کر کالج کے امور کو چلایا جارہا ہے۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے پوزیشن ہولڈر طالبات میں ٹرافیاں تقسیم کیں اور اپنی جانب سے مبلغ دس ہزار روپے نقد انعام کا اعلان کیا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button