نگر پیپلزپارٹی کا گڑھ، میرا دوسرا گھر ہے، وزیر اعلی گلگت بلتستان کا عوامی اجتماع سے خطاب
گلگت (پ ر) گلگت بلتستان کے وزیر اعلی سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے نئے چیف سیکریٹری اچھے آدمی ہیں اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ علاقے اور عوام کی خدمت کریں گے۔ مناپن نگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سید مہدی شاہ نے کہا کہ انہوں نے سب کو برابری کی بنیاد پر دیکھا ہے اور وہ پورے گلگت بلتستان کے وزیر اعلی ہیں۔ ذات پات اور فرقہ بندی ، علاقائیت اور دیگر تعصبات سے باز رہنے کی تلقین کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ عوام کو ان تمام تعصبات سے بالا تر ہو کر صوبے اور ملک کی ترقی کے لیئے کام کرنا ہوگا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ علاقے میں سسٹم تبدیل ہو گیا ہے پہلے لوگ وزیر اعظم کا مشیر بننے کا خواب دیکھ سکتے تھے مگر آج وہ وزیر اعظم اور صدر بننے کا خواب دیکھ سکتے ہیں اور یہ سب کچھ پاکستان پیپلز پارٹی کی علاقے سے محبت کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو چھوٹی چھوٹی چیزوں سے نکل کر بڑے ایشوز کی طرف آنا چاہئے اور انہیں تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں ترقی کے لیئے اپنے مطالبات کرنے ہونگے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ مذہب ہر انسان کا ذاتی ہوتا ہے اور ہر ایک کو اپنے اعمال کا حساب خود دینا ہوتا ہے۔ اور منصب پر فائز ہوکے فرقہ اور علاقہ پرستی سے دور رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی زمہ داری کہ لوگوں کو ان کا جائز حق دلائیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں بڑی حکمت عملی، فہم و دانش مندی کے ساتھ ایک بہت بڑی سازش کو ناکام کر دیا گیا کیونکہ لوگ چاہتے تھے کہ احتجاج کرنے والوں کو تشدد کے زریعے منتشر کر دیا جائے تاکہ فساد کا جواز مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ مل جل کر کام کرنا ہوگا اور علاقے کے عوام کے مسائل کو حل کرنا ہوگا۔ عوامی حکومت لاٹھی اور ڈنڈے کا زور ہرگز استعمال نہیں کرے گی۔ انکا مزید کہنا تھا کہ احتجاج کے نام پر شاہراہوں کی بندش سے عوام کا اپنا ہی نقصان ہوتا ہے اور اس سے عوام خود ہی متاثر ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سیاسی زندگی میں مرحوم قربان علی کے ساتھ بڑا گہرا رشتہ ہے اور نگر ان کا دوسرا گھر ہے۔ اور اگر وہ کسی عہدے پر فائز نہ ہوں تو بھی نگر ان کا دوسرا گھر رہے گا۔ صوبائی وزیر خزانہ محمد علی اختر کی جانب سے پیش کئے گئے سپاس نامے کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ اس کے تمام نکات پر عمل درآمد کرواینگے اور ٹھیکیداروں سے متعلق شکایات کی وہ انکوائری کروایں گے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ اگر کوئی پارٹی گلگت بلتستان کو آئینی حیثیت دے سکتی ہے تو ہو پاکستان پیپلز پارٹی ہی ہے۔ ہنزہ نگر کل بھی پیپلز پارٹی کا گڑھ تھا اور آج بھی ہے اور آنے والے دنوں میں بھی ہوگا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے پارٹی ورکرز کی وفاداری اور قربانیوں کی تعریف کی اور کہا کہ پارٹی ورکرز ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور یہ ورکرز پارٹی چھوڑ کر کہیں نہیں جا سکتے ہیں۔
انہوں نے انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایک سپاہی بھی ان کی نظر میں اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ ایک آفیسر۔ پارٹی نگر میں مثالی ترقیاتی کام کرا رہی ہے اور 2میگا واٹ بجلی گھر کی تکمیل اس کا ایک ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگر میں نظام آب پاشی کو بہتر بنایا جائے گا اور برابری کی بنیاد پر بجلی ملے گی۔ وزیر اعلی سید مہدی شاہ نے تقریب کے آخر میں پر جوش نعرے لگائے جس کا عوام نے بھر پور طور پر ساتھ دیا۔