تعلیم
خواتین کی استعداد کاری شہید بینظیر بھٹو کا خواب تھا: سعدیہ دانش
گلگت( پ ر) صوبائی وزیر اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو شہید کا خواب تھا کہ ملک کی خواتین کے استعداد کار میں اضافہ کیا جائے تاکہ وہ معاشرے کی کار آمد شہری بن سکیں اور ملک کی ترقی میں ہاتھ بٹا سکیں۔ اسی وژن کے تحت پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنے تمام ادوار میں ویمن امپاورمنٹ کے سلسلے میں قابل زکر اقدامات کیئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں آپس میں ایک دوسرے کے لیئے برداشت اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کی انتہائی ضرورت ہے تاکہ معاشرہ صیح سمت میں آگے بڑھ سکے اور خطے کے لوگوں کو باہمی تنازعات کی بجائے ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر ترقی کے حصول کی جانب گامزن ہونے کا موقع مل سکے۔
وہ آج گلگت میں پاکیزہ ویلفیئرسکول کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں ثقافتی ، معاشرتی اور تعلیمی سطح پر نظم و نسق کی بہتری اور عوام الناس کی فلاح و بہبود کے لیئے تمام طبقات فکر کو مشترکہ کوششیں کرنے کی اشد ضرورت ہے اس طرح معاشرہ مثبت سمت میں آگے کی جانب بڑھے گا اور خوشحال خطے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماں کی گود بچے کی پہلی درسگاہ ہے اور تعلیم یافتہ مائیں اپنی اولاد کی بہترین تربیت کو ممکن بنا سکتی ہیں۔ ماں کی عظمت اور تعظیم کے حوالے دین اسلام میں بھی واضح احکامات موجود ہیں اور اسلیئے ہم سب پر لازم ہے کہ ہم خواتین کی بحیثیت ماں ، بہن،اور زوجہ عزت و تکریم کریں۔ ترقی پسند معاشرے خواتین کی ترقی اور فلاح کے لیے کوشش کرتے ہیں تاکہ انکے مظبوط ہونے سے اولاد کو بھی فائدہ ہو۔ مقامی ثقافت اور اسلامی احکامات کے تابع ہمیں اپنی خواتین کو باعزت اور شاندارمقام دینے کی اشد ضرورت ہے۔ اس تقریب کے موقع پر انہوں نے نجی سکول کے لیئے فرنیچر کی فراہمی اور ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نونہال ٹیلنٹ کے معاملے میں سارے ملک کے بچوں کے ہم پلہ ہیں اور ان کو اچھے مواقع دینے کی ضرورت ہیں تاکہ یہ بچے مقامی اور ملکی سطح پر اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں اور ملک کا نام روشن کر سکیں۔ گراونڈ کی تعمیر کے سلسلے میں بھی وزیر اطلاعات سعدیہ دانش نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کی آبیاری اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیئے کھیلوں کے میدان اور معیاری سہولیات کاہونا اشد ضروری ہے ۔
اس موقع پر تقریب میں شریک پاکستان مسلم لیگ ن خواتین ونگ کی جنرل سیکریٹری شاہدہ اخلاق، سابق دپٹی ڈائیریکٹر سول سپلائی منیر الدین اور انجیینئر حسین علی اور دیگر مہمانان نے بھی خطاب کیا اور بچوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ تقریب کے دوران سکول کے بچوں نے ملی نغمے، ٹیبلو اور دیگر آئٹم پیش کیئے اور حاضرین کو محظوظ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں ، اساتذہ اور صحافیوں میں انعامات تقسیم کیئے ۔