گلگت بلتستان

شونٹر ٹنل منصوبہ ایک سال میں مکمل کر دیا جائیگا، سردار محمد یعقوب خان

astooor2

استور (پ ر) صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے آئندہ بجٹ سے گلگت بلتستان کو دو ارب روپے دیئے جایءں گے۔ شونٹر ٹنل کی منظوری اور ٹینڈر دینے کے بعد ہی استور کا دورہ کیا ہے ، منصوبے پر کام کا آغاز جلد ہی کیا جائے گا اور اسے ایک سال کی مدت میں ہی مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ٹنل کی تعمیر کے لیئے فنڈز وفاقی حکومت ادا کرے گی۔ انہوں نے یہ بات وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن کی دعوت پر استور کے ایک روزہ دورے کے موقع پر ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے تمام تعلیمی اداروں بشمول پیشہ ورانہ ادارے اور میڈیکل کالجز میں گلگت بلتستان کے کوٹے میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں انرجی پالیسی، بے روزگاری کا خاتمہ اور سیاحت کے فروغ کے لیئے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

صدر آزاد کشمیر نے مذید کہا کہ آزاد کشمیر یونیورسٹی کے سینیٹ میں گلگت بلتستان کو نمائندگی دی جائے گی تاکہ ملازمت میں یہاں کے لوگوں کو حصہ مل سکے۔ انہوں نے کراچی ایئر پورٹ پر دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنانے میں پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج اپنے اثاثوں کی حفاظت اور ملکی سلامتی کے دفاع پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے۔ انہوں نے گلگت بلتستان نے جوانوں سے کہا کہ وہ پاک فوج میں شمولیت کرکے وطن عزیز کے دفاع کو مظبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر راما ، استور میں منعقد پولو کا فائنل میچ کھیلا گیا جس کے مہمان خصوصی بھی صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان تھے۔ انہوں نے جیتنے والی ٹیم دو لاکھ اور رنر اپ کے لیئے ایک لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا۔

دورے کے موقع پر بہترین انتظامات کرنے پر مقامی ایڈمنسٹریشن کو بھی انہوں نے انعام کے طور پر ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ استور کے مقامی صحافیوں نے بھی سردار یعقوب خان سے ملاقات کی اور اپنے علاقے میں صحافت کی صورتحال سے آگاہ کیا، اس موقع پر استور پریس کلب کے لیئے بھی صدر آزاد کشمیر نے ایک لاکھ روپے کے عطیے کا اعلان کیا۔صدر آزاد کشمیر کے ہمراہ آزاد کشمیر کے وزیر مواصلات و ورکس چوہدری رشید، وزیر ہاوسنگ و بلڈنگ پرویز اشرف، وزیر تعلیم میا ں وحید، وزیر سماجی بہبود و آبادی فرزانہ یعقوب بھی استور کے دورے پر آئے تھے۔ انہوں نے شانداراستقبال کرنے پر استور کی عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انکی استور آمد کے موقع پر گلگت بلتستان کے صوبائی وزراء محمد نصیر خان، بشیر احمد خان اور چیئر مین ابراہیم اور صدر خواتین ونگ ساجدہ صداقت بھی موجود تھے۔ جلسے میں استور کی عوام کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی اور صدر آزاد کشمیر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے اور شونٹر ٹنل منصوبے کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button