گلگت بلتستان
ملک کے دوسرے حصوں میں فخرسے ہنزہ کی مثال دیتا ہوں، وزیر اعلی مہدی شاہ
ہنزہ کریم آباد( بیوروچیف) وزیر اعلی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے لئے 3 جی اور 4 جی ٹیکنالوجی فراہم کرانے کے لئے وزیر اعظم پاکستا ن سے خصوصی ملاقات کروں گا ۔ مقامی این جی او کاڈو کے زیر اہتمام تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر تے ہوئے انہوں نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کاڈو نے عوام کو فنی تربیت دے کر عوام کو اپنی مدد آپ کے تحت روزگار حاصل کر نے کے مواقعے فراہم کے ہیں انہوں نے کہا کہ ہنزہ میں تعلیمی شرح بے مثال ہے او ر میں اکثر ملک کے دیگر علاقوں میں فخر سے ہنزہ کی مثال دیتا ہوں یہاں مردو خواتین تعلیمی میدان میں دوسروں سے بڑھ کر ہیں کاڈو کی مختلف شعبوں میں خدمات قابل ستائش ہے بالخصوص معذور افراد کو ہنر مند بنانے کے لئے جو کام کیا گیا ہے وہ متاثر کن ہے ان کے لئے زاتی او ر حکومتی سطح پر مالی مدد فراہم کروں گا.
وزیر اعلی نے کہا کہ مجھے کمپیو ٹر کا استعمال نہیں آتا ہے اور نہ ہی میں اعلی تعلیم یافتہ ہوں عمر کے ایسے حصے میں پہنچ چکا ہوں کہ اب کمپیوٹر کی تر بیت بھی حاصل نہیں کر سکتا مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں نا خواندہ ہوں بلکہ میں نے بھٹو یونیورسٹی سے سیاست میں پی ایچ ڈی کی ہے اور پی ایچ ڈی کی ڈگری جعلی نہیں ہوتی ہے۔
اس سے قبل انہوں نے کاڈو کے زیر اہتمام کمپیوٹر کے مختلف کورسز مکمل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے تقریب سے کاڈو کے زمہ داران نے بھی خطاب کیا اور ادارے کی کارکر دگی اور درپیش مشکلات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
تقریب میں سپیکر قانون ساز اسمبلی وزیر بیگ ‘ صوبائی وزیر محمد علی اختر ‘ممبر قانون ساز اسمبلی متا بعت شاہ اور گلگت بلتستان کونسل کے رکن چےئر مین ابراہیم بھی شریک تھے ۔