گلگت بلتستان
دوسری پارلیمانی کمیٹی بھی ہنزہ نگر ہیڈ کوارٹر کا تعین کرنے میں ناکام، دورہ سیر سپاٹا ثابت ہوا
گلگت(شہزاد حسین) ضلع ہنزہ نگر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کے تعین کیلئے قائم دوسری کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر علی مدد شیر کی قیادت میں صوبائی وزراء پر مشتمل وفد کا دورہ ہنزہ نگر بھی سیر سپاٹا ثابت ہوا۔تین روزہ دورے کے نتائج صفر،ایک ہفتے کے اندر ضلعی ہیڈ کوارٹر کے تعین کا علان ہوائی ثابت ہوا۔پندرہ دن گزر گئے کمیٹی ضلعی ہیڈ کوارٹر کے تعین میں ناکام ہو چکی ہے۔10جون کو وزیر قانون ڈاکٹر علی مدد شیر کی سربراہی میں ضلع ہنزہ نگر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کے تعین کیلئے 9رکنی ٹیم 3روزہ دورے پر ہنزہ نگر گئے تھے اور ہنزہ نگر کے عوامی وفود سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ سیاحتی مقامات اور ضلعی ہیڈ کوارٹر کے تعین کیلئے مختلف مقامات کا دورہ بھی کیا تھا۔
بعدازاں کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر علی مدد شیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر ضلعی ہیڈ کوارٹر کے تعین کرنے کا اعلان کر دیا تھا کمیٹی کے دورہ ہنزہ نگر کو 10روز گزرگئے لیکن ضلعی ہیڈ کوارٹر کا فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔ہنزہ نگر کو ضلع بنانے کا اعلان سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے دور میں ہوا تھا اور آٹھ سال کا عرصہ گزرنے کے باؤجود ضلعی ہیڈ کوارٹر کا تعین نہیں ہو سکا ہے جس کی وجہ سے عوام ہنزہ نگر میں شدید تشویش پھیل گئی ہے اور عوام نے اب ضلعی ہیڈ کوارٹر کی بجائے ہنزہ اور نگر کو الگ الگ اضلاع بنانے کا مطالبہ تیز کر دیا ہے۔