تعلیم
وعدہ خلافی، سیپ اساتذہ نے وزیر اعلی ہاؤس کے سامنے بھوک ہڑتال کا فیصلہ کر لیا
گلگت(پ ر) گزشتہ روز سیپ ٹیچر ز ایسوسی ایشن گلگت بلتستان کا ایک ہنگامی اجلاس مرکزی آفس گلگت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں کابینہ کے اراکین کے علاوہ اساتذہ کی کثیر تعداد موجود تھی ۔اجلاس میں سیپ ٹیچرز کی مستقلی کے حوالے سے 30جون کی ڈیڑلائن ختم ہونے کے باوجود اب تک خاطر خواہ کام نہ ہونے پر تمام ٹیچرز نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔واضع رہے کہ دھرنے کے دوران چیف سیکریٹری کی 30جون تک مستقلی کی یقین دہانی پر سیپ اساتذہ نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن تاحال تین مہینے ختم ہونے کے بعد بھی سیپ اساتذہ کا مسئلہ حل نہ ہوسکا۔
اس سلسلے میں گلگت بلتستان کے سات اضلاع سے تعلق رکھنے والے کابینہ کے اراکین اور اساتذہ نے کل احتجاج کے پہلے مرحلے میں سی ایم ہاوس کے سامنے بھوک ہڑتال کرنے کا حتمی فیصلہ کیاہے تاکہ حکام بالا سیپ اساتذہ کے اس دیرینہ مطالبے کو عملی جامعہ پہنانے میں سنجیدہ کردار ادا کرسکیں ۔اس بھوک ہڑتال کے دوران بھی مسئلے کا کوئی حل نہ نکلنے کی صورت میں 22ستمبر بروز پیر کو باقاعدہ دھرنے دیا جائے گا اس سلسلے میں ضلع سکردو اور گانچھے کے اساتذہ یادگار چوک پر کل بھوک ہڑتال کردیں گے ۔اور پیر 22ستمبر کو اسی جگہ یادگار چوک پر خواتین و مرد اساتذہ مستقلی تک دھرنا دیں گے ۔