تماشہ ہوگا
"گا” ایک لفظ ہے اس کے ساتھ کوئی بھی لفظ لگا لو یہ ہمیشہ” گا” ہی رہے گاجیسے ہوگا ، کیا ہوگا ؟ ہوگا بھی ہوگا یا بس ہونے کا ہوگا ہی ہوگا ؟ کیا یہ "ہوگا” کبھی ہونے میں تبدیل ہوگا ؟ یا بس "ہوگا” ہی رہے گا ؟۔ سمجھ نہیں آرہا ہے کہ آگے کیا ہوگا ؟اچھا ہوگا یا برا جو بھی ہوگا دیکھا جائے گا ۔ کتنا عجیب لفظ ہے یہ”ہوگا” کیا کبھی کوئی اس لفظ کے معنی کو سمجھ پائے گا؟ یا بس سمجھنے کی کوشش ہی کرتا رہے گا؟ کیا آپ بھی اس لفظ کو گا رہے ہیں جیسے ہمارے نمائندے ، بیوروکریٹس اور دوسرے شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ اس کا راگ الاپنے میں لگے ہوئے ہیں ۔ سب ہی اس لفظ سے مانوس ہیں ۔ مانوس کیا ہیں تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ بولا اور لکھا جانے والا لفظ یہی "ہوگا” ہی ہے اور شاید ابد تک کوئی لفظ اس دوڑ میں اس سے آگے نکل سکاہے اور نہ نکلے گا ۔ اگر” ہوگا”کے لفظ کو روح سے تشبیح دی جائے تو کچھ جھوٹ نہیں ہوگا کیونکہ جب تک ہمارے جسم میں روح کا رشتہ باقی ہے اس جسم کی حرکت جاری رہے گی اور جسم کا رشتہ تب ختم ہوگا جب روح پرواز کر جائے گی. لگتا ایسا ہی ہے ہمارے روح کے ساتھ ہی ہمیں اس لفظ سے نجات ملے گی اور کوئی صورت دکھائی نہیں دیتی ۔
ملکی اور غیر ملکی اخبارات کو ایک طرف رکھ دیں ذرا مقامی اخباروں کی خبریں ملاحظہ کریں تو لفظ ہوگا کا تماشہ عیاں ہوگا اور محسوس یہی ہوتا ہے کہ پاکستان کے دیگر علاقوں کے مقامی اخباروں سے سب سے زیادہ "ہوگا” کا لفظ گلگت بلتستان کے مقامی اخباروں میں زیادہ ہی لکھا ہوا نظر آئے گا۔ اور تادم تحریر کالم جوبھی مقامی اخبار سامنے ہیں ان سب میں یہی ہوگا یا ہوگی والی خبریں سر چڑھ کر بول رہی ہیں ۔جیسے راما فیسٹول میں کلچر شو کا تماشہ نہیں ہوگا ، ٹوریزم پالیسی پر عمل در آمد ہوگا تو سیاحت کو فروغ ملے گا ،گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا ، سیپ اساتذہ کو مستقل کیا جائے گا ، آئینی صوبے کی جدو جہد جاری رہے گی ، فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے اقدامات کئے جائیں گے ، امن کیلئے کمیٹیاں بنائی جائیں گی ..اس سے ملتے جلتے دیگر بہت ساری خبریں "گا” اور” گی” میں ختم ہو جاتی ہیں اور عوام امید اور وعدوں کے بیچ "گا” اور” گی”کے سہانے خواب میں در بدر ٹھوکریں کھاتی رہیں گی ۔ "گا” کے لفظ میں ایک عجیب تماشہ لگا ہوا ہے تماشہ کرنے والا ، تماشہ کروانے والا ، تماشہ بننے والا ، تماشہ بنوانے والا ، تماشہ دیکھنے والا ، تماشہ دکھانے والا سب تماشے ہیں ہر تماشہ پہلے سے بڑھ کر لگتا ہے جیسے اب آگے یکم نومبر کا تماشہ آئے گا۔پھر اس کے بعد انتخابات کا تماشہ جہاں سیاسی مداری اپنا اپنا تماشہ دکھانے کے لئے میدان میں کود جائینگے۔اور تماشوں کی بھرمار ہوگی کچھ تماشے تو مستقل ہوتے
رہے ہیں جن کو کچھ نئے انداز سے پیش کرنے کا پروگرام بنایا جائیگا۔اور کچھ نئے پروگراموں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔ تماشہ بینوں کی کوئی کمی نہیں ۔سب جانتے ہیں وہ تماشہ ہے اور سب اس بات پر خوش ہیں کہ وہ تماشہ ہیں۔یہ دنیا ایک تماشہ ہے۔ اور تماشہ ہی رہے گی ۔بس گھٹن او ر ا لجھن یہ ہے کہ جب پردہ گرے گا اور تماشہ اپنے اختتام کو پہنچے گا تب کیا ہو گا ۔۔۔۔۔ کچھ نہیں ہوگا ۔ جو ہوگا ۔ وہ بھی ایک تماشہ ہوگا ۔