گلگت بلتستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسو سی ایشن نے کلاسوں کے بائیکاٹ اور مکمل ہڑتال عارضی طور پر ختم کردی
گلگت ( پریس ریلیز ) چیف سیکریٹری گلگت بلتستان سکندر سلطان راجہ صاحب نے گلگت بلتستان کے کالجز کے لیکچررز اور پروفیسرز کے ٹائم سکیل پروموشن کے کیس کی سمری پر دستخط کر دئیے۔اب وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سیّد مہدی شاہ صاحب کی باقاعدہ منظوری کے بعد اس کا نو ٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔ ہم اُمید کرتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ اپنے وعدے اور اعلان کا پاس رکھتے ہوئے اور علم دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے جلد اس کی منظوری دیں گے اور لیکچررز اور پروفیسرز کو ان کا بنیادی اور قانونی حق دینے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار گلگت بلتستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسو سی ایشن کے صدر پروفیسر محمد زمان نے ایسو سی ایشن کی صوبائی کابینہ کے ایک اہم اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اُنہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسو سی ایشن اس قانونی حق کے لیے پچھلے ڈھائی سالوں سے پُر امن جِدوجُہد کر رہی تھی لیکن اس کی صحیح معنوں میں شنوائی نہیں کی ہو رہی تھی۔ اب ایسو سی ایشن اور تمام فکلٹی ممبرز کی بھر پور جِدوجُہد اور متعلقہ حکام کے تعاون کے نتیجے میں اس سلسلے میں زبردست پیش رفت ہوئی ہے اور کل 10 اکتوبر تک اس کی باقاعدہ منظوری متوقع ہے۔ صدر پروفیسر محمد زمان نے گلگت بلتستان کے تمام کالجز میں جاری ہڑتال پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کے ٹائم سکیل پروموشن کے کیس کی سمری پر دستخط کرنے اور متعلقہ حکام کی جانب سے منظوری کی یقین دہانی کروانے پر ہم نے کلاسوں کا بائیکاٹ اور مکمل ہڑتال عارضی طور پر ختم کردی ہے اور تین دنوں تک صرف علامتی ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت تمام فکلٹی ممبرز بازؤں پر کالی پٹیاں باندھ کر کلاسیں لیں گے۔ہمیں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سیّد مہدی شاہ صاحب پر مکمل بھروسہ ہے کہ وہ کل تک اس کی منظوری دے کر اساتذہ کے دل جیت لیں گے اور مشکور فرمائیں گے۔ ا جلاس میں ایسوسی ایشن کے صدر سمیت دیگر عہدیداروں نے اس کیس کے عمل کو تیز کرنے ، آگے بڑھانے اور خصوصی دلچسپی لینے پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان اور ایجوکیشن سیکریٹری گلگت بلتستان ثناء اللہ صاحب کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اُمید ظاہر کی کہ وہ آئیدہ بھی اساتذہ کے جائز مطالبات پورے کرنے اور حقوق دلانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔