تعلیم
خود ساختہ آفیسرز ایسوسی ایشن کی مذمت کرتے ہیں، من پسند افراد کو نوازنے کی مخالفت جاری رکھیں گے، گلگت بلتستان پوسٹ گریجویٹس ایسوسی ایشن کا بیان
گلگت(پ ر) پوسٹ گریجویٹس ایسوسی ایشن کی کور کمیٹی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں گزشتہ دنوں گلگت بلتستان آفیسرز ایسوسی ایشن نامی ایک خود ساختہ تنظیم کی جانب سے پوسٹ گریجویٹس ایسوسی ایشن پر توہین عدالت کے مرتکب بننے جیسے الزامات عائد کرنے کے ہتھکنڈوں کے سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کسی عدالت یا کسی ملازم کے خلاف نہیں بلکہ قانون ساز اسمبلی سے کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کے حوالے سے پا س ہونے والے بل کی مخالفت میں تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا جس پر وہ آج بھی قائم و دائم ہیں کیونکہ اس قسم کے کالے قوانین نہ صرف علاقے میں کرپشن اور اقربا پروری کو فروغ مل رہا ہے بلکہ علاقے کے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور اہل ترین گریجویٹس کی حق تلفی بھی ہو رہی ہے جو پورے علاقے کیلئے نقصان دہ ہے انہوں نے کہا کہ پوسٹ گریجویٹس ایسوسی ایشن عدالتی فیصلوں کا دل سے احترام کرتی ہے لیکن ساتھ ساتھ صوبائی حکومت کی جانب سے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے قوانین کو پس پشت ڈال کر من پسند افراد کو اعلیٰ عہدوں سے نوازنے کیلئے خود ساختہ قوانین کے خلاف بھر پور احتجاج کا حق بھی رکھتی ہے اور صوبائی حکومت کے حالیہ فیصلے کے خلاف گریجویٹس ایسوسی ایشن اپنا احتجاج جاری رکھے گی ۔