گلگت بلتستان

گلگت انتظامیہ نے ۹(نو) سیاسی اور انسانی حقوق کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کر لئے

گلگت: گزشتہ دنوں اقوام متحدہ مبصر مشن کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنے والوں کی ایک فائل تصویر
گلگت: گزشتہ دنوں اقوام متحدہ مبصر مشن کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنے والوں کی ایک فائل تصویر

گلگت (نمائندہ خصوصی ): ضلع گلگت کی انتظامیہ نے گزشتہ روز انسداد دہشتگردی ایکٹ کے خلاف اور بابا جان سمیت گیارہ دیگر افراد کی رہائی کے لئے اقوام متحدہ کے مبصر مشن کے دفتر کے سامنے احتجاج کرنے والے مظاہرین میں سے نو کے خلاف تعزیرات پاکستان کے دفعہ ۱۲۴ اور دفعہ ۳۴۱ کے تحت مقدمات درج کئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق،ایف آئی آر نمبر ۱۴؍۷۹ میں ذکر ملزموں کی فہرست میں سپریم اپیلیٹ کورٹ گلگت بلتستان کے صدر ایڈوکیٹ احسان علی، اور انسانی حقوق کمیشن پاکستان کے علاقائی کوآرڈینیٹر اسرارالدین اسرار سمیت ۹ (نو) افراد شامل ہیں۔ دیگر ملزمان میں پاکستان تحریک انصاف کے عزیز احمد، انٹرنیشنل ہومین رائیٹس آبزورر کے محمد فارق، بالاورستان نیشنل فرنٹ کے صفدر علی ، قوم پرست رہنما کرنل (ر) نادرحسن، بی این ایف کے کمال الدین ، پروگریسیو یوتھ فرنٹ کے جاوید رضوان اور گلگت بلتستان سٹوڈنٹس فیڈریشن کے فیضان جاوید کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کئے گئے ہیں۔ ملزمان پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے احتجاجی مظاہرے کے دوران ملک اور ریاست کے خلاف نعرے بازی کی اورسڑک بلاک کر کے راہگیروں کے لئے مسائل پیدا کئے۔

انسانی حقوق کمیشن کے اسرار الدین اسرار نے اس حوالے سے پامیر ٹائمز کو بتا یا کہ انکے خلاف لگائے تمام الزامات بے بنیاد اور جھوٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین نے پاکستان کے خلاف کوئی نعرے بازی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت آج تک گلگت بلتستان میں کسی دہشتگردکو سزا نہیں ملی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مذکورہ قانون کو سیاسی کارکنوں اور حقوق کے لئے آوازاُٹھانے والوں کو دبانے کیلئے استعمال کیا جارہا، اسلئے اسے گلگت بلتستان سے ختم کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بابا جان سمیت ہنزہ سے تعلق رکھنے والے ۱۲ (بارہ) افراد کو علی آباد میں دو نہتے افراد کے قاتلوں کے خلا ف اور حقوق کے لئے آواز اُٹھانے کی پاداش میں سزا دی گئی ہے۔

اسرار نے کہا کہ انہوں نے انسانی حقوق کمیشن پاکستان کو مقدمے کے بارے میں آگاہ کردیاہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضمانت قبل از گرفتاری لینے اور پریس کانفرنس کے ذریعے عوام کو بنیادی حقائق سے آگاہ کرنے کی کوشش کی جائیگی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button