دہشت گردوں کا ہر حال میں تعاقب کیا جائے گا: فورس کمانڈر گلگت بلتستان
داریل میں پاک آرمی کے جانب سے لگائے گئے فری میڈیکل کیمپ میں سینکڑوں مردوخواتین مریضوں کا طبی معائینہ کیاگیا اور مفت ادویات تقسیم کی گئی۔
چلاس (اسداللہ) فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل عاصم منیر نےداریل میں پاک آرمی کی جانب سے دو روزہ فری میڈیکل کیمپ کے اختتامی روز عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ فاٹا میں لگی آگ کو کچھ عناصر گلگت بلتستان منتقل کرنا چاہتے ہیں۔ سانحہ پشاور ہمارے مستقبل پر حملہ ہے اور ہمارے دلوں پر چھرا گھونپا گیا ہے ۔ہم اپنے دشمن کو جانتے ہیں انہیں چھوڑیں گے نہیں ہم اس کیلئے سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا ہر حال میں تعاقب کیا جائے گا، یہ لوگ ملک ،فوج ،اسلام ،آپکے اور ہمارے دشمن ہیں انہیں معاف کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔فورس کمانڈراپنی تقریر کے دوران آرمی پبلک سکول پشاور کا ذکرکرتے ہوئے جذباتی ہوگئے اور کہا کہ ظالم دہشت گردوں نے ہمارے مستقبل پر حملہ کیا ہے آج تک جنازوں پر پھول دیکھے تھے لیکن پہلی بارہم نے پھولوں کے جنازے دیکھے۔جس پر شرکاء سمیت وزیراعلیٰ بھی آبدیدہ ہوگئے اور پورے پنڈال میں سناٹا چھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ چند برسوں میں گلگت بلتستان کی تقدیر بدلنے والی ہے اس کیلئے ضروری ہے کہ یہاں امن قائم ہو۔ کچھ عناصر ایسے ہیں جو یہ نہیں چاہتے ۔وہ فاٹا میں لگی آگ کو گلگت بلتستان منتقل کرنا چاہتے ہیں۔ عوام اپنے بچوں اور ریاست کے مستقبل محفوظ کرنے کیلئے ایسے عناصر کو روکنے میں کردار ادا کریں ۔ اپنی صفوں میں شرپسند عناصر کو نہ گھسنے دیں ۔انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج چلاس کے طلباء کو سکردو کیڈٹ کالج میں تعلیم دی جائے گی۔ کیدٹ کالج چلاس کی عمارت مکمل ہو نے کے بعد باقاعدہ کلاسوں کا اجراء ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے اس میں زمین پر فساد پھیلانے والوں کی گنجائش نہیں ہے عوام پرامن اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
داریل میں پاک آرمی کے جانب سے لگائے گئے فری میڈیکل کیمپ میں سینکڑوں مردوخواتین مریضوں کا طبی معائینہ کیاگیا اور مفت ادویات تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر اہلیان داریل نے پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا پاک فوج اس طرح کے کیمپس کم ازکم ایک ہفتے کے لئے لگائے تاکہ دوردراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی مستعفیدہو سکیں۔