گلگت: گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن
گلگت (پ ر) چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی گلگت اسسٹنٹ کمشنرمحمد حمزہ سالک نے گلگت شہرمیں کلمہ چوک کشروٹ سے نسیم سینما ہال چوک تک خودساختہ مہنگائی کرنے والے سبزی فروشوں ، فروٹ فروشوں، جنرل سٹورز ، مٹی کا تیل بیچنے والے ڈیلرروں اور تھوک و پرچون دکانداروں کے علاوہ تجاوزات کے خلاف چھاپے مارے ۔ تحصیلدار فیاض احمد ، نائب تحصیلدار چراغ الدین سمیت پولیس ، میونسپل فورس اوربلدیہ انسپکشن ٹیم بھی ان کےساتھ موجود تھے ۔
اسسٹنٹ کمشن نے خلاف ورزی کرنے والے دوکانداروں کو خبردار کرتے ہوئے حکم دیا کہ عوام کا خون چوسنا بند کردیں اور خود ساختہ مہنگائی کرنے سے اجتناب کریں ورنہ انہیں جیل کی سیر کے ساتھ ساتھ دوکانوں کو سیل کیا جائے گا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ چھاپے عوامی شکایات کی روشنی میں کیے جارہے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کے بعد دوکانداروں کومقررہ ریٹ سے ہٹ کر مہنگی اشیاء بیچنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی بھلائی کے لئے تحصیل انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے ۔لوگوں نے چھاپہ مار کاروائیوں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ۔ عوام نے اسسٹنٹ کمشنر گلگت سے مارکیٹ میں ہفتہ وار چھاپہ مار کاروائی کا مطالبہ کیا۔