سعودی عرب میں مایہ ناز شاعر رضا احمد صدا کی وفات پر تعزیتی اجلاس
ریاض( پ ر) سعودی عرب میں مقیم گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے سیاسی وسماجی شخصیات نے ایک تعزیتی اجلاس سماجی رہنما ڈاکٹر عبدالقیوم ہنزائی کی زیر صدارت منعقدکیا۔
اجلاس میں مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے سنیئررہنما جاوید اقبال دائمی،سردارشاہ، پیرمددخان،شیرمراد،غازی خان،ثناء اللہ،قیوم جان،عالم جان،آبادولی ودیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کے مایہ ناز شاعروگلوکار،موسیقار اور فنکار رضا احمد صدا کی ناگہانی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقے کے ادبی وسماجی حلقوں کے لئے ایک ناقابل تلافی نقصان قراردیا۔
شرکاء نے کہا کہ مرحوم نے اپنی شاعری اور گلوکاری کے زریعے گلگت بلتستان کے ادب کو قومی وبین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے اور ثقافتی ورثے کی ترویج وتحفظ کے لئے نمایاں کردار اداکیا۔ ان کی شاعری میں موجود خلوص، میٹھاس اور محبت بھرا پیغام نے گلگت بلتستان میں پائیدار امن کے قیام میں مدد دی۔ گلگت بلتستان کے عوام ان کی ادبی وثقافتی خدمات کو رہتی دنیا تک یاد رکھیں گے۔
اجلاس میں مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا بھی اظہار کیا گیا۔