سیاست
بجلی بحران کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی یکم فروری کو گلگت شہر میں ریلی نکالے گی، انتظامات مکمل
گلگت(پ ر) عوامی ایکشن کمیٹی گلگت کے زیراہتمام احتجاجی ریلی مورخہ یکم فروری بروز اتوار گھڑی باغ گلگت سے کلمہ چوک گلگت تک نکالنے کے انتظامات مکمل ہوگئے۔ یہ احتجاجی ریلی بجلی بحران اور طویل ترین لوڈشیڈنگ کے خلاف نکالی جائے گی۔ ریلی میں علاقے کے طلبہ ،یوتھ تاجر برادری اور نمبرداران وسول سوسائٹی نے حمایت کااعلان کردیا ۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے کوآرڈنیٹر وترجمان کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق تحریک کے دوسرے مرحلے میں شہر گلگت کے اندر احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ اس ریلی کے حوالے سے عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں اور ممبران نے سول سوسائٹی ، وکلاء برادری ، تاجر برادری ،نمبرداران شہر اور یوتھ تنظیموں سے رابطے کرکے اعتمادمیں لے لیاہے۔ اس موقع پر انہوں نے موجودہ بجلی بحران اور لوڈشیڈنگ کے باوجود صوبائی حکومت چیف سیکریٹری کی خاموشی شہرگلگت کے عوام کے زخموں پرنمک پاشی کے مترادف ہے۔ عوام اس طویل ترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بے حال ہوچکے ہیں۔ جبکہ کاروباری طبقہ اورمعاشی پہیہ بیٹھ چکا ہے۔ اس تمام ترصورتحال کے باوجود حکمران طبقہ سپیشل لائنوں کے ذریعے مستفید ہورہاہے ۔یہ طبقاتی نظام کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ سول سوسائٹی کے اراکین نے عوامی ایکشن کمیٹی کی بجلی بحران اور لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی تحریک کی بھرپور حمایت اور تعاؤن کااعلان کیا۔ یادرہے کہ سابقہ صوبائی حکومت نے عوامی ایکشن کمیٹی سے یہ وعدہ کیاتھا کہ تین مہینے میں لوڈشیڈنگ کاخاتمہ ہوگا لیکن وعدہ پورا نہ ہونے اور عوام کے مسائل اور بجلی بحران کی اذیت وکرب کی وجہ سے یہ تحریک شروع کی گئی ہے۔ ایکشن کمیٹی جب تک بجلی بحران حل نہیں ہوتا تب تک احتجاج جاری رہے گا۔ مسائل زدہ عوام احتجاجی ریلی میں بھرپور شرکت کرکے اپنے حق کیلئے آواز بلندکرے۔