گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کالعدم تنظیموں کے عہدیداروں کی فہرست مرتب کی جائیگی، انسداد د ہشتگردی ایکٹ کے شیڈول ٤ پر ڈالنے کا فیصلہ

گلگت(پ ر) گلگت بلتستان میں قومی ایکشن پلان کے تحت کام کاباقاعدہ آغازہوچکا، نگران وزیراعلیٰ شیرجہان میرکی زیرصدارت بندکمرے میں ایپکس کمیٹی گلگت بلتستان کااعلیٰ سطحی اہم اجلاس، سیکریٹری داخلہ وکمشنر گلگت سبطین احمد کی تفصیلی بریفنگ ،اہم فیصلے کئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں قومی ایکشن پلان پرعملدرآمد کاآغاز ہوگیا ۔ نگران وزیراعلیٰ کے زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے ۔ اجلاس میں کسی بھی مذہبی شخص اور علماء کا ملک کے دیگرشہروں سے گلگت بلتستان میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ نفرت آمیز بیانات کے مرتکب افراد کیخلاف فوری ایف آئی آر درج کرکے فی الفور گرفتاری کاحکم دیاگیا۔ کالعدم تنظیموں کے عہدیداران کی مکمل فہرست مرتب کرنے اورانسداد دہشتگردی ایکٹ کے شیڈول نمبرچار پرڈالنے کاحکم۔ اجلاس میں کسی بھی مذہبی وسیاسی یادیگرتنظیموں کی جانب سے عوامی مقامات پر سرعام چندہ جمع کرنے پرمکمل پابندی عائدکردی گئی ہے۔ اشتعال انگیزی پھیلانے والوں ،اشتعال انگیز لٹریچر اور انکے مصنف اور خریدوفروخت پرمکمل پابندی، اجلاس میں سکیورٹی ایجنسیوں کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ شخصیات شریک تھیں۔ اجلاس میں اشتہاری مجرموں کے خلاف ایک مربوط اور جامع آپریشن کرنے کافیصلہ کیاگیا۔ مزیدبرآں کہ قراقرم ہائی وے کے وہ مقامات جہاں موبائل سگنلز نہیں آتے ہیں وہاں فوری طورپر موبائل فون ٹاورز نصب کرنے کیلئے اقدامات کاآغاز کرنے کابھی حکم دیدیاگیا ۔اعلیٰ سطحی اجلاس میں خطے میں موجودافغان باشندوں کوفوری طورپر افغان کیمپس بدرکرنے کاحکم اور وہ افغان باشندے جن کے پاس نادرا سے جاری قومی شناختی کارڈ موجود ہیں ان کوبھی افغان کیمپس بدرکیاجائے گا۔
دریں اثناء پولیس اور مجسٹریٹ کے علاوہ تمام گاڑیوں سے (سرکاری وپرائیویٹ ) نیلی بتیاں ہٹانے اور فوری طورپرتمام گاڑیوں سے کالے شیشے اتروانے کاحکم جاری کردیاگیاہے۔ اس موقع پر کہاگیاکہ فوجی عدالتوں کے قیام جلدعمل میں لایا جائیگا۔ ضلع میں موجود منی چینجرز کی مانیٹرنگ کرنے کابھی حکم دیدیاگیا ۔ جی بی میں موجودتمام مدارس کاڈیٹا اکھٹا کرنے ،رجسٹرڈ اور نان رجسٹرڈ مدارس کی چھان بین ہوگی۔ اجلاس میں اس عزم کابھی اظہارکیاگیاکہ علاقے میں قیام امن کیلئے ہرممکن اقدامات کویقینی بنایاجائے گا۔ جی بی میں نشر ہونے والے ممنوع ٹیلی ویژن چینلز جن پر پہلے سے پابندی عائد ہے ان کے چلانے کے خلاف پیمراکوخط لکھاگیاہے کہ اسکی مکمل طورپرمانیٹرنگ کی جائے۔ جہاں سزائے موت کے قیدی ہیں ان تمام جیلوں کی سکیورٹی بڑھادی گئی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ پولیس کوضرورت پڑنے پر انسداد دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے خصوصی تربیت ایف سی این اے کے تحت دی جائے گی۔ اجلاس میں اس عزم کااظہارکیاگیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے ان تمام فیصلوں پر عملدرآمدکرانے کے لئے سول انتظامیہ ،فوج اور تمام سکیورٹی ادارے مکمل ہم آہنگی اور بھرپورتعاؤن کے ساتھ کام کاآغاز کریں گے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button