سیاست

گلگت بلتستان عام انتخابات کی تیاریوں میں تیزی، زرداری کی سربراہی میں پیپلز پارٹی نے پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا

اسلام آباد(صفدر علی صفدر سے) پاکستان مسلم لیگ نواز کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی سربراہی میں وفاقی و صوبائی قائدین پر مشتمل پارلیمانی بورڈ تشکیل دیدی گئی۔ اس بات کا فیصلہ ہفتہ کو یہاں سابق صدرو شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا جس میں گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات کے لئے پارٹی کی جانب سے امیدوارں کا انتخاب،ٹکٹ کی تقسیم اور دیگر امور کی انجام دہی کے لئے پارٹی کے مرکزی اور صوبائی رہنماؤں پر مشتمل پارلیمانی بورڈ تشکیل دی گئی جس میں مرکز کی طرف سے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف،اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی سید خورشید شاہ،قمرالزمان کائرہ اور ندیم افضل چن جبکہ گلگت بلتستان سے سابق وزیراعلیٰ سید مہدی شاہ،پارٹی کے علاوہzardari سابق صدر سید جعفر شاہ،جمیل احمد،امجد ایڈووکیٹ،سعدیہ دانش،محمد جعفر،انجنیئر اسماعیل،آفتاب حیدر،عمران ندیم ودیگر شامل ہونگے اور آصف زرداری خود بھی ان تمام معاملات کی براہ راست نگرانی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی قیادت نے گلگت بلتستان کی نگران کابینہ کے چناؤ میں (ن) لیگ کی وفاقی حکومت کی بے جا مداخلت اور دیگر معاملات کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آصف زرداری کو تفصیلی طورپر اگاہ کیا جس پر پارٹی کے شریک چیئرمین نے انہیں تقین دلایا کہ وہ نگران صوبائی حکومت کے حوالے سے اپنی پارٹی کے تحفظات سے وزیراعظم کو اگاہ کریں گے اور گلگت بلتستان کے ایشوز کے حوالے سے بہت جلد ایک تفصیلی پریس کانفرنس کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے گلگت بلتستان سے محرومیوں کے خاتمے اور وہاں کے عوام کو اپنے معاملات سے متعلق فیصلوں میں بااختیار بنانے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کئے اور اب وفاقی حکومت کو صوبائی حکومت کے اختیارات کو واپس وفاق منتقل کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو گلگت بلتستان کے مسائل حل کرنے میں گہری دلچسپی ہے اس سلسلے میں وہ خود انتخابات سے قبل علاقے کا تفصیلی دورہ کرکے ان مسائل کے حل کے لئے اقدامات کریں گے ۔ انتخابات میں اپنی جماعت کی کامیابی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button