اشکومن، چٹورکھنڈ میں ٹریفک کا نظام کون بہتر بنائے گا؟
چٹورکھنڈ(کریم رانجھا) ؔ چٹورکھنڈ بازار ایریا میں ٹریفک کا نظام درہم برہم،کم عمر موٹر سا ئیکل سوار عوام کی جانوں سے کھیلنے لگے،حادثات روز کا معمول،ٹریفک کنٹرول کرنے کا کوئی نظام موجود نہیں،انتظامیہ خاموش تماشائی۔تحصیل اشکومن کے ہیڈکوارٹر چٹورکھنڈ بازار ایریامیں ٹریفک کانظام بری طرح متاثر ہورہا ہے لیکن ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لئے ٹریفک پولیس کا ایک جوان بھی متعین نہیں جس سے روزبروز ٹریفک حادثات رونما ہورہے ہیں،بغیر ڈرائیونگ لائسنس موٹر سائیکل سوار منچلوں کے لئے کھلی چھٹی دی گئی ہے۔گزشتہ ایک سال کے دوران ٹریفک حادثات میں نصف درجن کے قریب قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا جبکہ ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے۔بازار ایریے میں ٹریکٹر اور ٹیکسی ڈرائیور حضرات من چاہے مقام پر گا ڑیاں پارک کرتے ہیں لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ۔عوام علاقہ نے ڈپٹی کمشنر غذر اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک کے نظام کو درست کرنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔