لواری ٹنل میں پھنسے مسافر چترال پہنچ گئے، پاک فوج اور چترال سکاوٹس کی بروقت مدد کو خراج تحسین
چترال(بشیر حسین آزاد) ہفتے کی شام زیارت کے مقام پر برفانی تودے گرنے سے چترال آنے والے سینکڑوں مسافر کئی گھنٹوں نتک لواری ٹنل کے اندر اور زیارت کے مقام پر پھنسے رہے جس میں مریض،خواتین اور شیر خوار بچے بھی شامل تھے۔تاہم پاک آرمی اور چترال سکاوٹس کی فوری اقدامات کی وجہ سے لوگ رات گئے بحفاظت چترال پہنچ گئے۔گلیشئر گرنے کی اطلاعات ملتے ہی چترال سکاوٹس کے کمانڈنٹ نعیم اقبال کی خصوصی ہدایت پر ونگ کمانڈر 144ونگ لفٹننٹ کرنل جہانگیر خان کی زیر نگرانی پاک آرمی اور سی ٹی ایف (چترال ٹاسک فورس )کے جوانوں نے موقع پر پہنچ کر فوری اقدامات کیے اور مسافر وں کو رسکیو کیا۔اللہ تعالیٰ کی مہربانی اور چترال سکاوٹس کی جوانوں کی انتھک کوششوں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔مسافروں نے بتایا کہ چترال سکاوٹس کے جوانوں نے مسافروں کے لئے کھانا چائے کمبل اور شیر خوار بچوں کے لئے دودھ وغیرہ کا بندوبست کیا۔اور چترال سکاوٹس کے زیارت تک شاپ مسافروں کے فری کھول دیئے۔اور شام سے رات گئے تک جوانوں نے کام جاری رکھا۔اور رات ڈھائی بجے برفانی تودے ہٹاکر راستہ کھول دیا۔اور ٹنل سے پیدل آنے والے مسافروں کو چترال سکاوٹس کی گاڑیوں میں میرکھنی اور دروش تک پہنچایا۔پاک آرمی اور سی ٹی ایف کی جوانوں کی اس بروقت اقدام کو چترال کے عوام نے سراہتے ہوئے پا ک فوج اور چترال سکاوٹس کو خراج تحسین پیش کیا۔اور کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل نعیم اقبال کی فوری اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بروقت کاروائی نہ ہوتی تو کئی قیمتی جانیں ضائع ہونے کا خطرہ تھا۔جب کہ موقع پر موجود مسافروں پاک آرمی زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔مسافروں نے اسسٹنٹ کمشنر دروش اور چترال پولیس کی کاوشوں کو بھی سراہا۔