گلگت بلتستان
رینجرز چیک پوسٹ پر حملے کے بعد ہربن نالے میں سرچ آپریشن جاری
چلاس(چیف رپورٹر) بھاشہ کے قریب رینجر چیک پوسٹ پر رات گئے دہشت گردوں کے حملے میں رینجر کے سب انسپکٹر سمیت 5اہلکار شدید زخمی ہو گئے ۔رینجرز کی جوابی فائرنگ کے بعد نامعلوم دہشت گرد فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے ۔ سیکورٹی فورسز کا ہربن نالے میں دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن ،ہیلی کاپٹر کے ذریعے نگرانی ۔ گزشتہ رات ایک بجے کے قریب شاہراہ قراقرم کی سیکورٹی کیلئے للنگ دار کے مقام پرقائم کی گئی رینجر چیک پوسٹ پر نامعلوم دہشت گردوں نے حملہ کر دیا ،دہشت گردوں نے بھاری اسلحہ سے چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا ،دہشت گردوں کے حملے میں رینجر کے سب انسپکٹر محمد مشتاق ،حوالدار لیاقت ،نائیک عبد الرزاق ،نائیک محمد اسلم اور اختر حسین زخمی ہو گئے ،رینجر کی جوابی فائرنگ سے دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہو ئے فرار ہو گئے ،زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں بذریعہ ہیلی کاپٹر گلگت منتقل کردیا گیا ۔حملے کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی گلگت رینج وصل خان سمیت آرمی و رینجرز کے اعلیٰ حکام کے علاوہ ڈپٹی کمشنر دیامر عثمان احمد ،ایس پی دیامر عبد الرؤف قیصرانی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ۔واقعہ ضلع دیامر اور خیبر پختونخواہ کے ضلع کو ہستان کے متنازعہ حدود میں پیش آیا ،کچھ عرصے قبل حدود تنازع کے باعث وفاقی حکومت نے یہاں پو لیس چیک پوسٹ کو ختم کر کے رینجر چیک پوسٹ قائم کی تھی ۔واقعے کی ایف آئی آر تھور تھانہ میں انسداد دہشت گردی کے دفعات کے تحت نامعلوم دہشت گردوں کیخلاف درج کر لی گئی ہے ۔۔۔۔