گلگت کے نواحی علاقے کونوداس کے مکین پانی کی قلت کے خلاف سراپا احتجاج، واسا پر نااہلی کا الزام
گلگت( سٹاف رپورٹر) گلگت کے گنجان آباد رہائشی علاقے کنوداس میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف مرد اور خواتین سڑکوں پر نکل آئیں. محکمہ واسا کے خلاف چیف کورٹ کے سامنے احتجاج ۔خواتین نے محکمہ واسا کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے یونیورسٹی روڈ کو 6گھنٹےتک بند رکھا.
مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ 3 ماہ سے کنوداس کے عوام بوند بوند کے لئے ترس رہے ہیں۔ مگر محکمہ واسا ٹس سے مس نہیں ہو رہا ہے۔ مظاہریں کا مذید کہنا تھا کہ کنوداس کے لئے مختص ایریگیشن پلانٹس عرصہ دارز سے خراب پڑے ہوئے ہیں ان کی مرمت پر کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔ کئی دفعہ اعلیٰ حکام کو توجہ دلانے کے باوجودہمارے مسائل کی طرف توجہ نہیں دی جارہی ہے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے فاروق احمد صدر تحریک انصاف ضلع گلگت اور دیگر نے کہا کہ محکمہ واسا عوامی مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی نہیں لے رہا ہے۔عوام کئی عرصہ سے پانی کے لئے ترس رہے ہیں۔ مگر حکام بالا سنجیدہ نہیں ہے اگر محکمہ واسا نے کنوداس میں پانی فراہم نہیں کیا تو مذید احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔