گلگت بلتستان

غیر ترقیاتی فنڈز کی ریلیز میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی، کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن

Photo

گلگت ( بیورورپورٹ) غیر ترقیاتی فنڈز کی ریلیز میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی ، نگران حکومت ٹھیکیداروں کے مسائل میں عدم دلچسپی سے کام لے رہی ہے ۔حکام بالا محض اخباری بیانات کی حد تک محدود ہوگئے ہیں اور عملی طور پرمسائل کو حل کرنے میں قطعاً مخلص نہیں اور اگرٹھیکیدار برادری سڑکوں پر آگئی تو نگران حکومت عدم استحکام سے دوچار ہوسکتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار کنٹریکٹرز ایسو سی ایشن گلگت کے عہدیداران امیر محمد، عزیز الرحمن، محمد نواز، شیر علی، نذیراحمد خان اور شبیر حسین نے ایسوسی ایشن کے ایک اجلاس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک عرصے سے غیر ترقیاتی فنڈز کی ریلیز کے حوالے سے سرکاری احکامات اور اخباری بیانات محض ہمارے جذبات کو بھڑکانے کے ساتھ ساتھ ہمارے وقار کو بھی مجروح کرنے کے مترادف ہے۔ ٹھیکیدار برادری نے مالیاتی اداروں سے بھاری شرح سود پر قرضے اٹھاکر پبلک انٹرسٹ کے منصوبوں کو مکمل کرکے بقایا بلات کی وصولی کیلئے در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں اور حکومتی اہلکارعملی اقدامات کی بجائے صرف زبانی اعلانات کے ذریعے ہمارے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اس پسماندہ علاقے کی تعمیر و ترقی میں دلچسپی لے رہے ہیں اور انہوں نے نہایت قلیل عرصے میں عوامی مفادکے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کروادیا ہے اور عوامی حلقے چیف سیکرٹری کے ان عملی اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چیف سیکرٹری غیر ترقیاتی فنڈز کی ریلیز کے حوالے سے حسب وعدہ اپنے احکامات کو عملی جامہ پہناکر ٹھیکیداروں کی ادائیگیوں کو یقینی بنانے کیلئے فوری طور فنڈز کو ریلیز کریں اور ٹھیکیداروں کو ذہنی کوفت میں مبتلا ہونے سے نجات دلائیں۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button