صحت

پیرامیڈیکل ایسو سی ایشن چترال کا غیر معینہ مدت تک ڈیوٹی چھوڑ ہڑتال 

چترال ( بشیر حسین آزاد ) پیرامیڈیکل ایسو سی ایشن چترال نے صوبائی تنظیم کی حمایت کرتے ہوئے اپنے مطالبات کیلئے بدھ 22۱پریل سے غیر معینہ مدت تک ڈیوٹی چھوڑ ہڑتال کا آغاز کردیا ہے ۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال کے ہڑتالی کیمپ میں پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کے عبوری کمیٹی کے چیرمین فضل محمد ممبران خورشید محمد ، سردار ولی ، فضل عالم و درجنوں دیگر ممبران نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ پیرامیڈیکل سٹاف کی سروس سٹرکچر ،اپگریڈیشن ،اٹانومی ملازمین کے پروموشن و پنشن و جی پی فنڈ اور دیگر مسائل حل کرنے کی راہ میں حائل امتیازی قانون کے خاتمہ سمیت ایچ آر اے کی جانب سے پیرامیڈیکس کے خلاف کریک ڈاؤن بند کرنے تک یہ ہڑتال جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہڑتال کو کامیاب بنانے کیلئے ایکشن کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ جس کی ذمہ داری بھی عبوری کمیٹی کے چیرمین اور ممبران کے سپرد کی گئی ہے ۔ جن کی ہدایات کے مطابق لائحہ عمل پر عملدرآمد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے تمام ہیلتھ یونٹس جن میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چترال ، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالز ،بی ایچ یوز ، آر ایچ سیز ،سی ڈیز ، ایم سی ایچ اور ای پی آئی سے تعلق رکھنے والے ساڑھے چار سو پیرامیڈیکس چترال کی سطح پر اس احتجاج اور ہڑتال میں شریک ہیں ۔ اور ہیلتھ یونٹس بند ہیں ۔ تاہم ایمرجنسی کوریج دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ حکومت کی طرف سے شنوائی نہ ہونے اور سخت موقف اختیار کرنے کی صورت میں ہڑتال میں مزید شدت پیدا ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیرامیڈیکس کے مطالبات کو وزیراعلی خیبر پختونخوا اور دیگر اداروں نے تسلیم کر لیا ہے ۔ لیکن سیکرٹری فنانس کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے وہ ہڑتال پر مجبور ہو چکے ہیں ۔ درین اثنا ہڑتال کی وجہ سے ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال میں ہو کا عالم تھا ۔ اور لیبارٹری ،او پی ڈی اور اپریشن تھیٹر میں سٹاف نہ ہونے کے سبب مریضوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ اسی طرح ٹی ایچ کیو ہسپتال دروش ، ٹی ایچ کیو ہسپتال بونی میں بھی مریضوں کو علاج معالجے کے سلسلے بہت زیادہ مسائل پیش آنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button