تعلیم

ہونہار طلباء میں لیپ ٹاپ کی تقسیم سے طلبہ و طالبات میں مقابلے اور محنت کارجحان پیدا ہوگا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر آصف خان

001

گلگت ( پ ر) قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد آصف خان نے کہا ہے کہ KIUکے طلباء کی خداداد صلاحیتیں قومی سطح پر متعارف ہوچکی ہیں۔ مسائل سے چھٹکارا مل جائے تو یہاں کے طلباء کو مزید بلندیوں تک پہنچانا میرا مشن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم قومی لیپ ٹاپ سکیم کے تحت KIUکے طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلرنے طلباء و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی کے طلبا ء کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے اپنے دورہ گلگت کے موقع پر خود 15طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیئے اور سالانہ ایک ہزار لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا ۔آج کی تقریب میں صرف ان طلباء کو لیپ ٹاپ دیئے جارہے ہیں جو اپنے اپنے شعبے میں پوزیشن کے حامل اور نمایاں نمبرات کے ساتھ پاس ہیں۔لیپ ٹاپ سکیم سے طلباء میں مقابلے اور محنت کا رجحان پیداہوگا۔ یہ لیپ ٹاپ حکومت کی طرفسے آپ کیلئے تخفہ ہے، اس لیپ ٹاپ کا استعمال آپ نے صحیح معنوں میں تعلیمی، تحقیقی و تخلیقی سرگرمیوں کیلئے ہی کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات مستقبل کے معمار اور قوم کا سر مایہ ہیں لہذا طلباء اپنی توانائیوں کو ہمیشہ مثبت سر گر میوں اور وطن عز یز کی تعمیر و ترقی کے لئے بروئے کار لائیں۔وائس چانسلر نے یونیورسٹی کو درپیش مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے۔ طالبات کو رہائشی سہولیات کی سنگین فقدان کو مدنظر رکھتے ہوئے وائس چانسلر ہاؤس کو گرلز ہاسٹل میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ طلباء کیلئے رہائش کا سرے سے کوئی انتظام ہی نہیں ہے۔جو وسائل دستیاب ہیں ان سے مزید اکیڈمک بلاک تعمیر کیئے جارہے ہیں۔مستقبل قریب میں کئی کلاس رومز اور دفاتر تکمیل کو پہنچیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تقریب کے دوران کی جس میں وزیراعظم قومی لیپ ٹاپ سکیم کے تحت قراقرام انٹر نیشنل یونیورسٹی کے 221 ہونہار طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر نگراں صوبائی وزیر تعمیرات ناصر زمانی اور نگراں صوبائی وزیر صحت بشارت اللہ کے علاوہ صوبائی سیکریٹریز ، KIUکے اساتذہ، افسران و طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے 221 میں سے 139 طالبات اور 82 طلباء شامل تھے ۔مختلف شعبہ جات کے ان خوش نصیبوں میں 27طلباء ماسٹر لیول کے اور 194انڈرگریجویٹ لیول کے تھے۔ لیپ ٹاپ کی تقسیم میں ڈین لائف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عارف النساء نقوی، رجسٹرار شاہد علی اور ڈائریکٹر فنانس واجد حسین نے وائس چانسلر کی معاونت کی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button