کالعدم قراردینے اور میڈیا ٹرائل کرنے کے خلاف اسلامی تحریک پاکستان کی درخواست کے بعد الیکشن کمیشن نےمحکمہ داخلہ سے وضاحت طلب کرلی
گلگت (پریس ریلیز) اسلامی تحریک پاکستان کے میڈیا کوآرڈینیٹر کے جاری کردہ بیان کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے پرنسپل سیکرٹری سید سکندر عباس گیلانی ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے ڈویژنل صدر گلگت شیخ سجاد حسین قاسمی ، ڈویژنل جنرل سیکرٹری عمران حسین ، سینئر رہنما شاہ رئیس خان ، ہاشم حسین ، سید وقار حسین رضوی کے ہمراہ الیکشن کمشنر جناب عابد رضا صاحب سے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران گلگت میں اسلامی تحریک پاکستان پر محکمہ داخلہ گلگت بلتستان کی جانب سے عائد پابندی اور اسلامی تحریک پاکستان کے میڈیا ٹرائیل کے خلاف آئینی ، قانونی ، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حوالہ جات اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے سمیت 84صفحات پر مشتمل ثبوت پیش کئے گئے، بیان کےمطابق آدھا گھنٹہ تک جاری بحث کے بعد انہوں نے الیکشن کمشنر کو قائل کیا کہ اسلامی تحریک پاکستان پر عائد پابندی بلا جواز اور اسلامی تحریک کا میڈیا ٹرائیل قبل از انتخابات منظم اور گھناونی دھاندلی ہے. بیان کے مطابق الیکشن کمشنر نے ملاقات کے بعد چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سید طاہر علی شاہ سے رابط کر کے انہیں مکمل بریف کیا اور چیف الیکشن کمشنر سے سید سکندر عباس گیلانی ایڈووکیٹ کی بات بھی کرائی۔ سکندر عباس گیلانی نے چیف الیکشن کمشنر کو انتہائی مختصر ، موثر ، مدلل اورریفرنسز کے ساتھ بریف کرتے ہوئے قائل کیا کہ اسلامی تحریک پاکستان کے خلاف محکمہ داخلہ گلگت کی یہ کاروائیاں غیر قانونی اور منظم دھاندلی ہے۔ بیان کے مطابق انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کو بتایا کہ گلگت بلتستان کی مقبول ترین اور بڑی پارلیمانی سیاسی جماعت ہونے کی وجہ سے لاکھوں کی تعداد میں عوام کے اندر مایوسی اور بے چینی پھیل رہی ہے جس کی وجہ سے حالیہ انتخابات پر سوالیہ نشان لگتا جارہا ہے جس کے نتائج اچھے نہیں ہوینگے لہذا الیکشن کمیشن آف گلگت بلتستان مناسب اقدامات کرکے جمہوری قوتوں کے اعتماد میں اضافہ کرے ۔ جس پر چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمشنر کو حکم دیا کہ محکمہ داخلہ کو خط لکھ کر دو دن میں جواب حاصل کرے تاکہ مناسب کاروائی کی جاسکے ۔