بمبوریت: سنگین بے قاعدگیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے دوبارہ پولنگ منعقد کرانے کا مطالبہ
چترال(بشیر حسین آزاد) بمبوریت وادی سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی انتخابات کے امیدواروں عبدالمجید قریشی، حاجی رحمن اللہ،محفوظ اللہ،خلیل اللہ، سیف الدین ، کالاش خاتون امیدوار شیرئی، شاہی گل، منیر اور دوسروں نے گورنمنٹ مڈل سکول شیخاندہ بمبوریت اور برون میں قائم پولنگ اسٹیشن میں سنگین بے قاعدگیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے دوبارہ پولنگ منعقد کرانے کا مطالبہ کیا۔ بے قاعدگیوں میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف فوجداری مقدمات چلا کر انہیں عبرت ناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کے لئے جمہوری عمل کی اس اہم کام یعنی الیکشن میں دخل اندازی کی جرات کوئی بھی نہ کرسکے۔
پیر کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شیخاندہ بمبوریت میں پریزائڈنگ افیسرمحمد شاکر کو انہوں نے اپنے پسند کے امیدوار کے لئے خالی بیلٹ پیپروں پر نشان لگاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اورمہر سمیت بیلٹ پیپر ان سے چھڑالیا ۔ انہوں نے کہاکہ اس پولنگ اسٹیشن میں پولنگ کا عمل ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا جوکہ ایک سازش کا حصہ تھاجس میں پریزائڈنگ افیسر پوری طرح شامل ہے۔
چوبیس گھنٹوں تک پولنگ کے عمل کو جاری رکھنا ہی بے قاعدگی کی بدتریں مثال ہے جس کا چیف الیکشن کمشنر کواز خود نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ پریزائڈنگ افیسر کا یہ فعل قابل دست اندازی پولیس کیس ہے جس کے لئے انہوں نے ان کے خلاف پولیس تھانہ بمبوریت میں ایف آئی آر چاک کرنے کے لئے درخواست دے دی لیکن ایس ایچ او لیت ولعل سے کام لے رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پریزایڈنگ افیسر نے اپنے آپ کو بے تاج بادشاہ بناکر پولنگ اسٹیشن کے اندر قانون اور ضابطوں کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دی اور صوبائی حکومت کی طرف سے غیر جانبدرانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات منعقد کرنے کے انتظامات کے دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی۔
اس موقع پر موجود خاتون کیلاش امیدوارں نے برون کے مقام پر قائم پولنگ اسٹیشن میں بھی سنگین بے قاعدگیوں کی شکایت کرتے ہوئے کہاکہ پانچ بجے کے بعد پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں موجود ووٹروں کو باہر نکا ل دئیے گئے جس سے سینکڑوں افراد اپنے حق رائے دہی سے محروم ہوگئے۔ انہوں نے اس بات پر بھی شدید افسوس کا اظہار کیا کہ پولنگ کے دن ریٹرننگ افیسر نے وادی بمبوریت کا دورہ کرنے کی زحمت گوارا نہیں کی اور اس وادی کے سادہ لوح ووٹروں کو سازشی پریزائڈنگ افیسروں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا۔