گلگت بلتستان

وزیر اعظم عیدالفطر کے بعد گلگت بلتستان کا دورہ کرکے تاریخی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں گے، منگل کے روز کابینہ کی حلف برداری ہوگی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی وزیر اعظم سے ملاقات

11707713_1077797375582019_2510621153914308157_nگلگت (پ ر) وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے بعد گلگت بلتستان کا دورہ کرکے گلگت بلتستان کےلیے تاریخی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں گے۔ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اولین ترجیح ہے گلگت بلتستان میں بین الاقوامی سیاحت کے فروغ اور سیاحوں کیلئے سہولیات کی فراہمی کیلئے نیٹکو اور پی ٹی ڈی سی کو فعال بنائیں گے اور سیاحوں کیلئے ویزا پالیسی کی شرائط کو آسان بنایا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی وزیر اعظم سیکریٹریٹ میں ملاقات کے دوران وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے صوبائی حکومت سے بھرپور تعاون کرے گی۔ خطے میں امن وامان کے قیام کیلئے تمام درکار وسائل بروئے کار لائیں گے۔ امن وامان کے قیام میں کردار ادا کرنے والوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے دورہ گلگت بلتستان کے موقع پر کئے گئے اعلانات پر عملدرآمد کا آغاز ہوچکا ہے۔ صوبائی حکومت عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے اپنی تمام تر صلاحیتیں علاقے کی تعمیر و ترقی پر صرف کرے۔ سرکاری سطح پر کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔

ملاقات کے دوران صوبائی کابینہ کے حوالے سے مشاورت بھی کی گئی اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی عمل سمیت خطے کے دیگر امور اور امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی جانب سے پرٹوکول میں کمی کے اقدام کو سراہا جبکہ بجلی کی یکساں تقسیم کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔ علاوہ ازیں صوبائی حکومت کی 100دنوں کی ترجیحات اور ترقیاتی پروگرام اور ایجنڈا مرتب کرنے کیلئے کمیٹی کے قیام پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو داد دی اور یقین دہانی کرائی کہ رواں مالی سال کیلئے فنڈز کا اجراء رواں ماہ کیا جائے گا اور فنڈز کی فراہمی میں تاخیر نہیں کی جائے گی۔

ملاقات کے دوران صوبائی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ بہت جلد صوبائی کابینہ کا اعلان کیا جائے گا اور منگل کے روز کابینہ کی حلف برداری ہوگی۔ جبکہ صوبائی کابینہ 2مرحلوں میں مکمل کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سکردو کیلئے ایئر بس سروس کے گلگت کیلئے 2 ATRطیاروں کے آغاز پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کونسل کیلئے دی گئی اراضی میں گورنر ہاوس اور وزیر اعلیٰ ہاوس تعمیر کیا جائے گا۔

ملاقات 2گھنٹے تک جاری رہی ملاقات کے دوران گورنر گلگت بلتستان چورہدری برجیس طاہر، وزیر اعظم پاکستان کے پولیٹیکل سیکریٹری ڈاکٹر آصف کرمانی، وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری جاوید اسلم اور پاکستان مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے پولیٹیکل ایڈوائزر شمس میر بھی موجود تھے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button