قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو گلگت بلتستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ
گلگت(پ ر) سیکرٹری داخلہ گلگت بلتستان سبطین احمد نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو گلگت بلتستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی اور گلگت بلتستان حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے امن و امان کے قیام کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات سے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیا۔ سرکاری زرائع کے مطابق سیکرٹری داخلہ گلگت بلتستان کی بریفنگ کے بعد قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی جس کی سربراہی ابرار احمد کررہے تھے نے گلگت بلتستان کی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا اور کمیٹی نے جی بی کے 8جون کو ہونے والے انتخابات کے پر امن انتخابات کے انعقاد پر گلگت بلتستان انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔
زرائع کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان میں 15سو پولیس اہلکاروں پر مشتمل خصوصی فورس تشکیل دینے کے لیے وزارت داخلہ سے بات کی جائے گی جس کی تجویز وزارت داخلہ میں پہلے سے ہی زیر غور ہے۔ قائمہ کمیٹی نے اس بات کا بھی عزم کیا ہے کہ وفاقی حکومت پر زوردیا جائے گا کہ گلگت بلتستان حکومت کی افرادی قوت میں اضافہ کیلئے زرائع فراہم کردئے جائیں تاکہ اقتصادی راہداری کےبارے میں درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکے ۔