گلگت بلتستان

اٹلی کی حکومت گلگت بلتستان میں پن بجلی کی پیداوار میں مالی معاونت فراہم کرے گی

چیف سکریٹری گلگت بلتستان طاہر حسین، اٹلی کے ایمبیسی کے ڈاکٹر دومینیکو کو شیلڈ پیش کر رہے ہیں
چیف سکریٹری گلگت بلتستان طاہر حسین، اٹلی کے ایمبیسی کے ڈاکٹر دومینیکو کو شیلڈ پیش کر رہے ہیں

اسلام آباد (پ ر) اٹلی میں پاکستان کے ایمبیسی کے ایک وفد نے ڈاکٹر دومینیکو بروزونے (Dr. Domenico Brozzone) ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کوآپریشن کی قیادت میں چیف سکریٹری گلگت بلتستان طاہر حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیل کے ساتھ گفتگو ہوئی۔ چیف سکریٹری نے وفد کی گلگت آمد پہ خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اس خطے میں بھرپور تعاون اور مالی اور تکنیکی امداد پر اٹلی کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر دومینیکو نے چیف سکریٹری کو اٹلی کی حکومت کی جانب سے کیے گئے کام کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا ان کی حکومت اس خطے میں مختلف شعبوں میں مالی معاونت کے لیے خواہاں ہے۔ اس سلسلے میں پن بجلی میں اٹلی کی حکومت امداد کر سکتی ہے جس کے لیے گلگت بلتستان کی حکومت اپنے طریقہ کار کے ذریعے رابطہ کر سکتی ہے۔مختلف ڈیمز کے کی تعمیر کے لیے یہ امداد دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اٹلی کی حکومت کی جانب سے ایفاد IFAD پراجیکٹ کے لیے25 ملین یورو کی منظوری متوقع ہے جس کو ممکنہ طور پر آئندہ مہینے حتمی منظوری ملے گی۔ اٹلی کی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے سی کے این پی میں مختلف پراجیکٹس کی مد میں2006 سے اب تک 8 ملین یورو دیئے گئے ہیں ۔ 

چیف سکریڑی گلگت بلتستان نے اس موقعے پر اپنے ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جی بی میں بجلی کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ حالانکہ دریاوءں اور پانی کی وافر مقدار کی بدولت بہت ساری پن بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اٹلی کی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد کے حصول کے لیے تیز تر اقدامات اٹھائے گی اور اکنامک افیرز دویژن کے ذریعے جلد از جلد پاکستان میں اٹلی کے ایمبسی سے رابطہ کرے گی۔ اس کے علاوہ ایفاد پراجیکٹ میں حکومتِ اٹلی کی جانب سے دی جانے والی امداد پر چیف سکریڑی نے شکریہ ادا کیا۔ اس بات پہ اتفاق کیا گیا کہ سکریٹری پلاننگ گلگت بلتستان کے ساتھ مل کر ان کاموں میں پیش رفت کے لیے طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔ 

اٹلی کے وفد میں لوکا فیروزی، ماریا سیکاریتو، ریاض الحسن ہیڈ ای وی کے ٹو سی این آر پاکستان، عارف حسین تکنیکی نمائندہ ای وی کے ٹو سی این آر اور اشر بھی شا مل تھے۔ سکریٹری پلاننگ اور سکریٹری فائنانس گلگت بلتستان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ 

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button