Uncategorized

عمر میں فرق کے بارے میں سوچا ہی نہیں: کیٹ ونسلیٹ

مشہور اداکارہ کیٹ ونسلیٹ کا کہنا ہے کہ ان کی نئی فلم ’دی ڈریس میکر‘ میں ان کے ساتھی اداکار کی کم عمری کے بارے میں انھوں نے کبھی ’سوچا ہی نہیں۔‘

اس فلم میں کیٹ ونسلیٹ کے ساتھ کام کرنے والے لیئم ہیمس ورتھ ان سے 14 سال چھوٹے ہیں اور انھوں نے حالیہ دنوں میں اعتراف کیا ہے کہ انھیں اپنے کردار کو تسلیم کرنے سے پہلے خدشات تھے کہ وہ ’کچھ زیادہ ہی کم عمر‘ ہیں۔

برطانوی سٹار ونسلیٹ نے بی بی سی کو بتایا: ’میں نے ہماری عمر کے بارے میں سوچا ہی نہیں۔ میں اپنے آپ کو ایسی چیزوں سے پریشان نہیں کرنا چاہتی۔‘

دریں اثناء فلم کی ڈائریکٹر جاسلین مورہاؤس نے کہا کہ فلم میں لیئم ہیمس ورتھ کا کردار فلم بینوں کے لیے ایک ’ دلچسپ چیلنج‘ ہوگا۔

انھوں نے فلموں میں عام طور پر بڑی عمر کے مرد اداکاروں کو کم عمر کی خواتین اداکاراؤں کے ساتھ دیکھے جانے کے حوالے سے کہا: ’یہ بات اکثر بالکل الٹ ہوتی ہے۔

151117163424_kate_winslet_624x351_entertainmentfilmdistributors_nocredit

مور ہاؤس نےگذشتہ ماہ جنوبی کوریا میں ’بسان انٹرنیشنل فلم فیسٹول‘ میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے سوچا کہ میں ایک خاتون ڈائریکٹر ہوں اس لیے میں کچھ اور ہی کروں گی۔ اس قسم کے بہت واقعات پیش آتے ہیں جہاں مرد اپنے سے بڑی عمر کی خواتین سے محبت کرتے ہیں، خاص طور پر جب وہ کیٹ جیسی دکھتی ہوں۔‘

سنہ 1950 کے آسٹریلیا پر بنائی گئی یہ فلم ایک خاتون درزی پر مبنی ہے جو کئی برسوں کے بعد اپنے آبائی گاؤں میں واپس ان المناک حالات کی تفتیش کرنے آتی ہیں جن کی وجہ سے انھیں بچپن میں اپنا گاؤں چھوڑنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔

جاسلن مور ہاؤس نے کہا: ’اگر اس فلم کا ایک پیغام ہے تو وہ یہ ہے کہ عورتوں کی قدر کرو۔‘

دی ڈریس میکر برطانیہ میں 20 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button