اشکومن: ۔گلگت بلتستان کے واحد اولمپین کھلاڈی اولمپین باکسر راجہ احمد علی نے باکسنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
گلگت (نمائندہ خصوصی) گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے واحد اولمپین پاک آرمی کے باکسر راجہ احمد علی نے 18سال مسلسل شاندار کارکردگی پیش کرنے کے بعد باکسنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیااور اختتامی قومی باکسنگ چیمپین شپ میں اپنے حریف کو ناک آوٹ کر کے اپنے اختتامی کیرئر کو ہمیشہ یاد گار بنا دیا۔
حال ہی میں کراچی بینظیر بھٹو کمپلیکس کے جمنازیم میں اختتام پذیر 35 ویں قومی باکسنگ چیمپین شپ کے ہیوی ویٹ 91کلاس کے فائینل مقابلے میں راجہ احمد علی نے اپنے مد مقابل واپڈا کے ثناء اللہ کو پہلے راونڈ میں بے بس کر کے اپنی کیرئر کا اختتام بھی قومی گولڈ میڈل سے کر لیا۔ اپنی 18سالہ کیرئر کے دوران شاندار کامیابیاں حاصل کرنے والے باکسرراجہ احمد علی کا تعلق چٹور کھنڈ اشکومن ضلع غذرسے ہے۔ موصوف نے اپنی کیرئر کا آغاز 1997ء میں پاک آرمی کے جونئیر ٹیم سے کیاوراپنے کیر ئر میں 58مقابلے ناک آوٹ سے جیتے اور اپنی کیئرر میں مجموعی طور پر کل نیشنل اور انٹر نیشنل30مقابلوں میں حصہ لیاجن میں سے 103مقابلوں میں اپنے حریفوں کو عبرتناک شکست دے دی اور اور صرف ستائیس مقابلوں میں شکست سے دوچار ہوئے۔ موصوف نے 50طلائی تمغے 8سلوراور 4برانز میڈل اپنے نام کیے۔
راجہ احمد علی نے اپنے دور میں مقابلوں کے دوران اپنے اکثر حریفوں کو ناک آوٹ یا ٹیکنکل ناٹ آوٹ کر دیا ہے اور ہیوی باکسنگ ویٹ میں پاکستان میں سب سے زیادہ ناک آوٹ کرنے والے کھلاڈی کے طورپر نام کمایا۔ ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد قومی کھلاڈی نے کوچنگ سرکٹ جوائن کر لیا۔گلگت بلتستان کے واحد اولمپین کھلاڈی راجہ احمد علی نے ریٹائرمنٹ کے بعد اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقے اشکومن سے تعلق رکھنے کے باوجود اللہ تعالی ٰ نے مجھے بہت بڑی عزت دی ہے اور اپنی کا میابیوں کو ریجن کے بزرگوں اور والدین کی دعاؤں کا ثمر قرار دے دیا۔ باکسر کااپنے انٹریو میں مذید کہنا تھا کہ میں نے نہ صر ف گلگت بلتستان کو بلکہ انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور بے شمار کامیابیوں سے ہمکنا ر ہوا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نیی۔ گلگت بلتستان کے نوجوان دنیا کے کسی بھی ملک کے نوجوانوں سے کم نہیں ہیں۔ ہمارے نوجوانوں کو سرکاری سطح پر سرپرستی حاصل ہوئی تو کسی بھی شعبے میں اپنا لو ہا مناوا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرا نم ہو تو گلگت بلتستان کی سرزمین بڑی زرخیز ہے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقے کے نوجوانوں کو سپورٹس کے شعبے میں آگے لانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔ انہوں نے اپنی خدمات گلگت بلتستان کے نوجوانوں کیلئے پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگرجی بی حکومت نے باکسنگ کے شعبے کے فروغ کیلئے اور نوجوانوں کی تربیت کیلئے میرے خدمات حاصل کرنے مجھ سے رابطہ کیا تو میں اپنی قوم کیلئے بقایہ زندگی وقف کرسکتا ہوں اور اپنے خطے کے نوجوانوں کو باکسنگ کے شعبے میں بہتر تربیت دیکر گلگت بلتستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرنے کا اہلیت رکھتا ہوں، انہوں نے باکسنگ میں پاک آرمی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آرمی کی ٹیم ہمیشہ باکسنگ سرکٹ میں چھائی رہی ہے اورآرمی باکسرز نے ہمیشہ ملک وقوم کا سر بین الاقوامی سطح پر بلند رکھا رہی۔انہوں نے آرمی کو باکسنگ کا نرسری قرار دیتے ہوئے کہا کہ آرمی میں ہمیشہ نو عمر باکسروں کو نہ صر ف مو اقعے فراہم کیے جاتے ہیں بلکہ اُنکو بہتر تربیت دیکر عالمی سطح کے مقابلوں تک رسائی فراہم کی جاتی ہے جس سے غریب اور متواسط طبقے کے نوجوان جو ملک کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے کے باوجود عالمی سطح کے مقابلوں میں حصہ لینے کے قابل بن جاتے ہیں جو پاکستان آرمی کی بہترین پالیسی اور میرٹ کی بالا دستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔